دہلی اور ملک کے کئی شہروں پر آتش فشاں کا حملہ! ایتھیوپیا سے اُڑتی راکھ کا بادل ہندوستان کی فضا میں داخل

نئی دہلی — دارالحکومت دہلی پہلے ہی شدید فضائی آلودگی سے پریشان ہے، ایسے میں ایک نئی قدرتی آفت کے آثار بھی منڈلانے لگے ہیں۔ افریقی ملک ایتھیوپیا میں پھٹے ہوئے آتش فشاں سے اٹھنے والا دھوئیں اور راکھ کا بڑا بادل ہندوستان کی طرف بڑھ رہا ہے۔
موسمیاتی ادارے انڈیا میٹ اسکائی ویڈر کے مطابق یہ آتش فشانی دھول کا بادل پیر کی رات تقریباً 11 بجے دہلی کی فضا کے قریب پہنچ گیا۔ ایتھیوپیا کے ایرٹا الے رینج میں واقع ہائلی گُبّی آتش فشاں تقریباً دس ہزار سال بعد اتوار کے دن پھٹا، جس کے بعد بڑی مقدار میں راکھ، دھول، سلفر ڈائی آکسائیڈ اور دھوئیں کے بادل فضا میں پھیل گئے۔
ٹولوز وولکینک ایش ایڈوائزری سینٹر کے سیٹیلائٹ مشاہدے کے مطابق یہ آتش فشانی بادل 10 تا 15 کلومیٹر کی بلندی تک پھیل چکے ہیں۔ یہ بادل بحیرہ احمر کے اوپر سے مشرقی سمت میں بڑھتے ہوئے تقریباً 130 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہندوستان کی جانب سفر کر رہے ہیں اور جودھپور–جیسلمیر ریجن کے راستے ملک کی حدود میں داخل ہوئے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ راکھ 25 ہزار سے 45 ہزار فٹ کی اونچائی پر موجود ہے اور زمینی سطح پر اس کا زیادہ اثر ہونے کا امکان کم ہے، لہٰذا عوام کو زیادہ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔



