اترپردیش میں بھکتوں سے بھری کشتی یمنا ندی میں الٹ گئی، ایک ہی خاندان کے 7 سمیت 10 ہلاک، 5 لاپتہ—دل دہلا دینے والی ویڈیو منظرِ عام پر
اتر پردیش کے شہر ورنداون میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں 37 بھکتوں سے بھری ایک خانگی کشتی یمنا ندی میں الٹ گئی۔ اس حادثے میں 10 افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے، جن میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد شامل ہیں، جن میں ماں بیٹا، چچا چچی اور پھوپھا پھوپھی بھی شامل بتائے جا رہے ہیں، جبکہ 5 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ اس کے علاوہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ 14 افراد محفوظ بتائے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق کشتی میں سوار تمام عقیدت مند پنجاب سے سیاحت کی غرض سے آئے تھے۔ ضلع مجسٹریٹ چندرا پرکاش سنگھ نے بتایا کہ یہ حادثہ دوپہر تقریباً 3 بجے کے سی گھاٹ پر پیش آیا، جو مشہور بنکے بہری مندر سے تقریباً 2 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
ریسکیو آپریشن میں فوج اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں رات 10 بجے تک مصروف رہیں، کشتی کو دریا سے نکال لیا گیا ہے جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق جس مقام پر حادثہ پیش آیا وہاں پانی کی گہرائی تقریباً 25 فٹ ہے۔ کشتی کی گنجائش 40 افراد کی تھی، تاہم کشتی میں سوار کسی بھی شخص کو لائف جیکٹ فراہم نہیں کی گئی تھی۔ مقامی افراد اور دیگر کشتی بانوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کچھ لوگوں کو بچا لیا۔
پولیس نے حادثے کے تقریباً 6 گھنٹے بعد ملزم کشتی بان پپو نشاد کو حراست میں لے لیا، جو اس کشتی کا مالک بھی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ عقیدت مندوں کو جگل گھاٹ سے سوار کرا کر لے گیا تھا اور حادثے کے بعد فرار ہو گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت کشتی دریا کے بیچ میں تقریباً 50 فٹ دور تھی اور تیز ہوائیں تقریباً 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھیں، جس کے باعث کشتی بے قابو ہو گئی۔ مسافروں نے کشتی بان کو روکنے کے لیے کہا، لیکن اس نے کشتی نہیں روکی۔ دو مرتبہ ٹکر سے بچنے کے بعد تیسری بار کشتی ٹکرا گئی اور الٹ گئی۔
حادثے سے متعلق دو ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں، جن میں ایک ویڈیو حادثے سے چند منٹ قبل کی ہے جس میں مسافر “رادھے رادھے” گا رہے ہیں، جبکہ دوسری ویڈیو میں لوگوں کو دریا میں ڈوبتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔



