وقف جائیدادوں کے اندراج کیلئے امید پورٹل کی مہلت میں توسیع، تلنگانہ میں 3 اور آندھرا میں 6 ماہ

وقف ٹریبونل نے امید پورٹل پر وقف جائیدادوں کے اندراج کے لئے تلنگانہ میں 3 ماہ اور آندھرا پردیش میں 6 ماہ کی توسیع دے دی گئی ہے۔
تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کے صدرنشین سید عظمت اللہ حسینی کے مطابق وقف ٹریبونل نے تلنگانہ میں اندراج کی آخری تاریخ میں تین ماہ کی توسیع کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اگرچہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے چھ ماہ کی توسیع کی درخواست کی گئی تھی، تاہم فی الحال تین ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔ فیصلے کی تحریری کاپی 15 دسمبر کو موصول ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی
۔دوسری جانب آندھرا پردیش میں وقف جائیدادوں کے اندراج کے لئے نی امید پورٹل کی آخری تاریخ میں چھ ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ آندھرا پردیش وقف ٹریبونل نے مقدمہ نمبر 2025/07 کے تحت توسیع کی منظوری دی ہے۔
اے پی وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد علی کے مطابق تکنیکی مسائل اور کچھ ریکارڈس کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات پیش آئیں، جس کے پیش نظر ٹریبونل نے درخواست منظور کی۔اس فیصلے کے بعد آندھرا پردیش میں وقف اداروں کی تفصیلات اپ لوڈ کرنے کی آخری تاریخ جون 2026 تک بڑھا دی گئی ہے۔
وقف بورڈ نے تمام متولیان اور انتظامی کمیٹیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس توسیعی مدت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے اداروں کی مکمل تفصیلات بروقت امید پورٹل پر درج کریں۔



