سیلفی لیتے ہوئے نسرین قریشی نامی لڑکی 100 فٹ گہری کھائی میں گر پڑی۔ مہاراشٹرا کے سیاحتی مقام پر حادثہ

ممبئی ۔ ریاست مہاراشٹرا کے سیاحتی مقام بورنے گھاٹ میں ایک لڑکی سیلفی لینے کے دوران حادثاتی طور پر 100 فٹ گہری کھائی میں پھسل کر گر پڑی۔ یہ واقعہ کل پیش آیا۔ پولیس کے مطابق مہاراشٹرا میں حالیہ دنوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے آبشاروں کے پاس دلکش نظارہ دیکھا جا رہا ہے
جس کی وجہ سے وہاں سیاحوں کی کثیر تعداد پہنچ رہی ہے۔ پونا سے تعلق رکھنے والے کچھ لوگ بوران گھاٹ گئے ہوئے تھے اس گروپ میں شامل نسرین امیر قریشی نامی لڑکی سیلفی لینے کے دوران حادثاتی طور پر 100 فٹ گہری کھائی میں گر پڑی، فوری طور پر ہوم گاڈ اور مقامی افراد کی مدد سے لڑکی کو باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کی گئی اور اسے علاج کے لیے ستارا کے خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ ضلع کلکٹڑ جتیندرا نے بتایا کہ زائد بارش کی وجہ سے مٹی پر پاؤں پھسلنے کے نتیجے میں اس طرح کے حادثات کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
انہوں نے ضلع کے سیاحتی مقامات کو ہفتہ سے پیر تک بند کر دینے کی ہدایت جاری کی ہے اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ نوجوان خاص طور پر ایسے مقامات پر جانے سے گریز کریں جہاں حادثات کا خطرہ ہے۔