بیوی عاشق کے ساتھ بھاگ گئی۔ برہم شوہر نے اپنے 3 بچوں کا گلا کاٹ کر قتل کردیا

نئی دہلی: تمل ناڈو کے ضلع تھنجاوور میں انسانی رشتوں کو شرمندہ کر دینے والا ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک باپ نے بیوی کے چھوڑ کر جانے کے غصے میں آ کر اپنے ہی تین معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔پولیس کے
مطابق 38 سالہ ونود کمار جو کہ مدوکر کے قریب گوپالا سمودرم گاؤں کا رہنے والا بتایا گیا ہے پیشے کے لحاظ سے فوٹوگرافر اور ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا۔ اس کی شادی 35 سالہ نِتھیا سے ہوئی تھی اور ان کے تین بچے تھے 12
سالہ اووِیا، 8 سالہ کیرتھی اور 5 سالہ ایشورن۔نِتھیا کا سوشل میڈیا کے ذریعے ضلع تروارور کے ماننارگوڈی علاقے کے ایک شخص سے رابطہ ہوا جس کے بعد تقریباً چھ ماہ قبل وہ اپنے شوہر اور بچوں کو چھوڑ کر اس شخص کے ساتھ چلی
گئی۔ بیوی کی جدائی سے دلبرداشتہ ونود کمار نے حال ہی میں نِتھیا سے ملاقات کر کے اسے واپس گھر آنے کے لیے راضی کرنے کی کوشش کی تاہم اس نے انکار کر دیا۔شدید ذہنی دباؤ اور غصے کی کیفیت میں آ کرونود کمار نے جمعہ
کے روز اپنے بچوں کو مٹھائی کھانے کے لیے دی اور جیسے ہی وہ مٹھائی کھا رہے تھے اس نے تیز دھار ہتھیار سے ان کے گلے کاٹ دیے۔ تینوں بچے موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ واردات کے
بعد درندہ صفت شخص نے اپنے آپ کو پولیس کے حوالہ کردیا۔