کیا 500 روپے کے نوٹ بند ہوجائیں گے؟ مرکزی حکومت کا اہم اعلان

نئی دہلی: ملک میں ایک بار پھر 500 روپے کے نوٹ بند کیے جانے کی افواہیں زور پکڑ رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر تیزی سے قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں کہ مرکزی حکومت مارچ 2026 میں 500 روپے کے نوٹ منسوخ کرنے جا رہی ہے۔
اس کے ساتھ ہی یہ خبربھی پھیل رہی ہیں کہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) مارچ 2026 تک اے ٹی ایمس کے ذریعے 500 روپے کے نوٹوں کی فراہمی بند کر دے گا۔اس پس منظر میں 500 روپے کے نوٹوں پر پابندی کی خبروں پر مرکزی حکومت کی نوڈل ایجنسی پریس انفارمیشن بیورو (PIB) نے وضاحت جاری کی ہے۔
پی آئی بی کے فیکٹ چیک یونٹ نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ مارچ 2026 تک آر بی آئی 500 روپے کے نوٹوں کی گردش روک دے گا۔ پی آئی بی نے واضح کیا کہ 500 روپے کے نوٹ منسوخ ہونے کی خبریں بے بنیاد اور جعلی ہیں۔ اس نے یہ بھی صاف کیا کہ آر بی آئی نے 500 روپے کے نوٹوں کی منسوخی کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔
پی آئی بی نے کہا کہ 500 روپے کا کرنسی نوٹ قانونی طور پر درست ہے اور عوام اسے نقد لین دین کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ اس نے لوگوں کو محتاط رہنے اور ایسی افواہوں پر یقین کر کے الجھن میں نہ پڑنے کا مشورہ دیا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ معلومات کی تصدیق صرف سرکاری ذرائع سے کریں۔
پی آئی بی کی وضاحت کے بعد 500 روپے کے نوٹوں کی منسوخی سے متعلق افواہوں پر فل اسٹاپ لگ گیا۔قابلِ ذکر ہے کہ سوشل میڈیا پر 500 روپے کے نوٹوں کی منسوخی سے متعلق افواہیں پھیلنا یہ پہلی بار نہیں ہے۔ جون 2025 میں بھی اس طرح کی خبریں زوروں پر تھیں کہ مرکزی حکومت 500 روپے کے کرنسی نوٹ واپس لینے والی ہے۔
اس وقت وزارتِ خزانہ کے نائب وزیر پنکج چودھری نے راجیہ سبھا میں وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کے پاس 500 روپے کے نوٹوں کی فراہمی بند کرنے کی کوئی تجویز موجود نہیں ہے۔




