نیشنل
اے ٹی ایم سے رقم نکالنا اب ہوگا مہنگا

ممبئی: اے ٹی ایم میں لین دین اب مہنگا ہونے والا ہے۔ ماہانہ مفت حد کے بعد ہر ایک ٹرانزیکشن پر 23 روپے وصول کرنے کی اجازت ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) نے بینکوں کو دے دی ہے۔
یکم مئی سے اضافی چارجیس نافذ ہو جائیں گے۔عام طور پر صارفین کو ایک ماہ میں اپنے بینک کے اے ٹی ایم سے پانچ ٹرانزیکشن (نقدی، بیلنس انکوائری، منی اسٹیٹمنٹ) کی سہولیات مفت فراہم ہوتی ہیں۔ وہیں دوسرے بینک کے اے ٹی ایم سے میٹرو شہروں میں پانچ ٹرانزیکشن اور دوسرے علاقوں میں تین ٹرانزیکشن کی اجازت دی جاتی ہے۔
اگر یہ حد تجاوز ہو جاتی ہے تو ہر ٹرانزیکشن پر چارجیس ادا کرنا پڑتے ہیں۔ اس وقت ہر ایک ٹرانزیکشن پر 21 روپے وصول کیے جا رہے ہیں لیکن RBI کی حالیہ اجازت کے مطابق یہ رقم 23 روپے تک بڑھ جائے گی اس کے بعد اب جتنے بھی ٹرانزیکشن کریں ہر مرتبہ 23 روپے ادا کرنے ہوں گے۔