بچے اور شوہر کی خاطر خواتین مگر مچھوں سے لڑ پڑیں

File photo
نئی دہلی: علاحدہ واقعات میں شوہر اور بچہ کو بچانے کے لیے جان کی پرواہ کیے بغیر دو خواتین مگر مچھوں سے لڑ پڑیں۔یہ واقعات اترپردیش کے ضلع بہرائچ میں پیش آئے۔ پہلا واقعہ خیری گھاٹ کے ڈھاکیا گاؤں میں رونما ہوا۔ گھاگھرا ندی سے جڑی ایک نہر میں ایک مگرمچھ داخل ہو گیا اور اس نے وہاں موجود ایک پانچ سالہ بچے کو منہ میں دبوچ لیا
اور گہرے پانی میں جارہا تھا۔ بچے کی چیخیں سن کر اس کی ماں فوراً وہاں پہنچی اس نے کسی طرح مگر مچھ سے لڑکر اپنے بیٹے کی جان بچائی۔ خاتون نے اپنے بیان میں کہا "بیٹے کو بچانے کے لیے میں نے ایک لمحہ بھی سوچے بغیر نہر میں چھلانگ لگا دی۔ میں نے مگر مچھ پر آہنی سلاخ سے حملہ کردیا ” اور مگر مچھ میرے بچہ کو چھوڑ کر جانے پر مجبور ہوگیا۔ محکمہ جنگلات کے حکام نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ بچے کو چوٹیں ضرور آئیں لیکن اس
کی جان کو کوئی خطرہ نہیں۔ حکام نے بتایا کہ مگرمچھ کو پکڑنے کے لیے جال بچھائے گئے ہیں اور دیہاتیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ایک اور واقعہ میں سیف نامی شخص اپنی بیوی اور ایک اور خاتون کے ساتھ مادھوپور کے قریب ایک نہر کو عبور کر رہا تھا کہ اچانک ایک مگرمچھ نے اس پر حملہ کر دیا۔ مگرمچھ نے سیف کا پاوں پکڑ لیا اور اسے کھینچ کر لے جانے لگا، جس پر اس نے مدد کے
لیے چیخ و پکار شروع کی۔ سیف کو بچانے کے لیے اس کی بیوی نے اپنی ساڑی پانی میں پھینکی جسے اس نے پکڑ لیا۔ بروقت دیہاتی وہاں پہنچے اور لاٹھیوں سے مگرمچھ کو مارا جس پر وہ سیف کو چھوڑ کر چلا گیا۔ زخمی شخص کو پہلے مقامی
اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی بعد ازاں اسے بہرائچ میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا۔