سالگرہ کی تقریب کے دوران ڈی جے پر ناچتے ہوئے نوجوان کی دل کا دورہ پڑنے سے موت

سالگرہ کی تقریب کے دوران ڈی جے پر ناچتے ہوئے نوجوان کی دل کا دورہ پڑنے سے موت
مہاراشٹرا کے شولاپور شہر میں ایک سالگرہ کی تقریب کے جلوس کے دوران ڈی جے پر رقص کر رہے ایک نوجوان کی دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوگئی۔ مرنے والے کی شناخت 25 سالہ ابھشیک بیراجدار کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ واقعہ شہر کے فَوجدار چاوری پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق، ابھشیک اپنے دوستوں کے ساتھ ڈی جے پر جوش و خروش سے ناچ رہا تھا۔ کچھ دیر تک تیز آواز میں چلنے والے ڈی جے پر مسلسل ناچنے کے بعد وہ ایک کونے میں جا کر کھڑا ہو گیا۔ اسی دوران وہ اچانک بے ہوش ہوکر زمین پر گر پڑا۔
موقع پر موجود اس کے دوستوں اور دیگر افراد نے فوری طور پر اسے اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے اس واقعہ کو "حادثاتی موت” کے طور پر درج کرلیا ہے۔
واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ابھشیک ڈی جے پر پورے جوش سے رقص کرتا نظر آ رہا ہے۔ اسی ویڈیو نے عوام میں مزید افسوس اور بےچینی پیدا کر دی ہے۔
اس حادثے کے بعد مقامی عوام نے تیز آواز والے ڈی جے سسٹمز پر ایک بار پھر سوالات اٹھائے ہیں۔شولاپور میں پہلے ہی ڈی جے کے اوقات اور آواز کی حد کے سلسلے میں کئی پابندیاں عائد ہیں، لیکن متعدد تقریبات میں ان اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جاتی ہے۔ اب ابھشیک کی موت نے اس معاملے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔