ٹرین کے ڈبہ میں گھس گئی نوجوانوں کی ٹولی۔ خوفزدہ خاتون نے خود کو ٹوائلیٹ میں بند کرلیا

نئی دہلی: ریاست بہار میں ایک انوکھا اور چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ ایک ہی وقت میں 30 تا 40 نوجوانوں کے اچانک ٹرین کے ڈبے میں گھس آنے سے خوفزدہ ہو کر ایک خاتون مسافر ٹوائلٹ میں چلی گئی اور اندر سے دروازہ بند کر
لیا۔حکام کے مطابق بہار کے جئے نگر کی رہنے والی ایک خاتون حال ہی میں جانکی ایکسپریس ٹرین میں سفر کر رہی تھیں۔ اسی دوران جب ٹرین بہار کے کٹیہار جنکشن پر رکی تو اچانک تقریباً 30 تا 40 نوجوان زور شور سے نعرے لگاتے
ہوئے ڈبے میں داخل ہو گئے۔ ان کی چیخ و پکار سے گھبرا کر خاتون مسافر ٹوائلٹ میں جا کر خود کو بند کر لیا اور ریلوے پولیس کو اطلاع دی۔نوجوان شورغل اور ہنگامہ کر رہے تھے جبکہ خوفزدہ خاتون نے پولیس سے کہا کہ اسے بہت ڈر لگ رہا ہے۔موقع پر پہنچنے والے ریلوے سکیورٹی اہلکاروں نے بغیر ٹکٹ ڈبے میں سوار ہونے والے مسافروں کو
نیچے اتار دیا اور خاتون کو تسلی دی۔ اس واقعے کی ویڈیو خاتون نے خود ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جو تیزی سے وائرل ہو گئی۔اس سلسلے میں کٹیہار ریلوے انسپکٹر نے
بتایا کہ ٹرینوں میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پلیٹ فارمس اور ڈبوں میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔



