نیشنل

دنیا بھر میں YouTube اور X اچانک متاثر، لاکھوں صارفین پریشان

عالمی سطح پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں تکنیکی خلل، یوٹیوب اور ایکس کی سروسز متاثر

 

دنیا بھر میں معروف ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم YouTube کی سروسز اچانک متاثر ہو گئیں جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی تکنیکی مسائل سامنے آئے۔ 17 فروری کی شام پیش آنے والے اس واقعہ کو یوٹیوب کی تاریخ کے بڑے آؤٹج میں شمار کیا جا رہا ہے، جس پر صارفین نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر اپنی شکایات اور تجربات شیئر کئے۔

 

ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق دنیا بھر میں تین لاکھ سے زائد صارفین نے سروس متاثر ہونے کی اطلاع دی، جن میں صرف امریکہ سے تقریباً 2.4 لاکھ سے 3.2 لاکھ تک شکایات موصول ہوئیں۔ صارفین کے مطابق یوٹیوب کھولنے پر “Something went wrong” کا ایرر میسج ظاہر ہو رہا تھا، جبکہ ایپ اور ویب سائٹ لوڈ نہ ہونے اور ویڈیوز پلے نہ ہونے جیسی مشکلات بھی پیش آئیں۔ یوٹیوب ٹی وی بھی اس مسئلے سے متاثر رہا۔ بھارت، برطانیہ، کینیڈا اور برازیل سمیت کئی ممالک میں یہ خرابی دیکھی گئی۔

 

یوٹیوب انتظامیہ نے مختصر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب بین الاقوامی خبر رساں اداروں، بشمول Reuters، نے اس واقعے کو عام تکنیکی خرابی قرار دیا اور واضح کیا کہ ہیکنگ یا کسی سازش کے شواہد موجود نہیں ہیں۔

 

اسی طرح 16 فروری کو ایکس پلیٹ فارم بھی چند گھنٹوں کے لئے آؤٹج کا شکار رہا، جس کے باعث تقریباً دو گھنٹے تک فیڈ ریفریش نہ ہونے، لاگ اِن مسائل اور ایپ لوڈ نہ ہونے جیسی شکایات سامنے آئیں۔ پیک آور کے دوران 40ہزار سے زائد رپورٹس درج ہوئیں، تاہم ایکس کی جانب سے بھی واضح وجہ بیان نہیں کی گئی۔

 

ماہرین کے مطابق بڑے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ٹریفک میں غیر معمولی اضافہ، سرور مینٹیننس، کلاؤڈ سروسز میں خرابی یا نیٹ ورک مسائل کے باعث اس نوعیت کے آؤٹجز وقتاً فوقتاً پیش آتے رہتے ہیں۔ اگر واقعی ہیکنگ ہوتی تو ڈیٹا لیک یا دیگر سنگین سیکیورٹی مسائل کے شواہد سامنے آتے، جو اس معاملے میں دیکھنے میں نہیں آئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button