گورےگاؤں کالج میں برقعہ پر پابندی کے خلاف احتجاج — طالبات کی بھوک ہڑتال، مجلس ممبئی صدر حاجی فاروق شابدی گرفتار
گورےگاؤں کالج میں برقعہ پر پابندی کے خلاف احتجاج — طالبات کی بھوک ہڑتال، مجلس ممبئی صدر حاجی فاروق شابدی گرفتار
ممبئی: گورےگاؤں ویسٹ کے ویویک ودیالیہ اینڈ جونیئر کالج میں برقعہ پہننے پر عائد پابندی کے خلاف احتجاج میں شدت آگئی ہے۔ جمعرات 4 دسمبر کو بڑی تعداد میں طالبات نے کالج کے باہر بھوک ہڑتال شروع کی، جس میں مجلس ویمنز ونگ کی نائب صدر جہاں آرا شیخ بھی شریک ہوئیں اور کالج انتظامیہ سے برقع پابندی فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
جہاں آرا شیخ نے الزام لگایا کہ کالج انتظامیہ نے پہلے بات چیت کا موقع نہیں دیا اور انہیں کالج احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج مقصد نہیں تھا، بلکہ صرف یہ مطالبہ تھا کہ طالبات کی تعلیم متاثر کئے بغیر ان کے مذہبی حقوق کا احترام کیا جائے۔
طالبات کا کہنا ہے کہ داخلے کے وقت انہیں برقع پابندی سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی، اس لیے پابندی کو اچانک نافذ کرنا غیر منصفانہ ہے۔ ایک احتجاجی نے بتایا کہ نائب پرنسپل نے پرنسپل سے ملاقات کا وقت دیا تھا لیکن ملاقات کے لئے پہنچنے پر گیٹ بند کر دیئے گئے اور اندر داخلے نہیں دیا گیا۔
اسی دوران احتجاج کو منتشر کرنے کی کارروائی کے دوران پولیس نے ممبئی مجلس صدر حاجی فاروق بھائی شابدی کو گرفتار کرلیا۔ احتجاج میں شامل قایدین اور طلبہ کا کہنا ہے کہ برقعہ پابندی طالبات کی مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
مظاہرین نے واضح کیا ہے کہ جب تک کالج انتظامیہ برقع پابندی کے فیصلے پر نظرِ ثانی نہیں کرتی، احتجاج اور بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔




