جنرل نیوز

عادل آباد میں برقی سیفٹی ہفتہ پروگرام سے ضلع کلکٹر اور ایس پی کا خطاب

عادل آباد۔5/مئی(اردو لیکس)ضلع کلکٹر عادل آباد راہول راج پی ایس نے کہا کہ برقی حادثات پر قابو پانے کے لیے سبھی کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ضلع کلکٹر نے جمعہ کے روز ضلع پریشد کانفرنس ہال میں برقی تحفظ ہفتہ کی تقریبات کے ایک حصہ کے طور پر صارفین اور عملہ کے لئے منعقدہ بیداری پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کلکٹر نے کہا کہ یکم/ مئی سے 7/ مئی تک برقی سیفٹی ہفتہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی بچت کے ساتھ ساتھ حادثات سے بچنے کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں سے متعلق کوئی بھی مسئلہ ہوتے ہی بجلی حکام اور عملہ کو معلومات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم میں تیز ہواؤں اور قدرتی آفات کے باعث تاروں کے کٹنے اور کھمبے ٹوٹنے جیسے حادثات کا خدشہ ہے

 

اور صارفین حفاظتی تدابیر پر عمل کریں تو حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیتوں میں تاریں کٹ جائیں اور کرنٹ لگنے پر فوراََ متعلقہ الیکٹریکل اہلکاروں کو آگاہ کیا جانا چاہئے کیوں کہ لاپرواہی زندگی کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے دیہی ترقیاتی پروگرام میں بجلی کے مسائل حل کیے گئے ہیں اور حادثات پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں 600 قبائلی بستیوں کو تین فیز بجلی فراہم کی گئی ہے۔

 

ضلع ایس پی ادے کمار ریڈی نے کہا کہ برقی حادثات سے قیمتی جانوں کو بچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں کے صارفین اور کسانوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے اور حادثات سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں۔حادثات کی صورت میں محکمہ بجلی کے حکام کو آگاہ کیا جائے۔اس موقع پر ٹریننگ اسسٹنٹ کلکٹر پی۔سریجا، ایس ای سمپت کمار، محکمہ برقی ڈی ای سبھاش، بجلی اور فائر ڈپارٹمنٹ کے افسران، عملہ، صارفین کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button