قطر میں 10 ماہ سے کوما میں رہنے والے تلنگانہ کے ایک شخص کے علاج کے لئے حکومت سے تعاون کی اپیل

قطر میں 10 مہینے سے کوما میں رہنے والے تلنگانہ کے ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ ایک خانگی ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ ان کے گھر والوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے درخواست کی ہے کہ اس علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے، کیونکہ ان کا خاندان خانگی ہاسپٹل کے علاج کے اخراجات پورے کرنے سے قاصر ہے۔
اس شخص کی شناخت ضلع نظام آباد کے ناگم پیٹ کے رہائشی سائنا کے نام سے ہوئی ہے، جو دس ماہ سے زائد عرصے سے قطر کے ایک ہاسپٹل میں کوما میں تھا۔ کمپنی انتظامیہ نے انہیں جمعہ کے روز حیدرآباد کے ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا۔ سائنا کی بیوی پریملا اور بیٹے وکاس نے وزیر اعلی ریونت ریڈی اور بالکنڈہ کے کانگریس انچارج سنیل ریڈی سے اپیل کی کہ سائنا کو نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (نمس) منتقل کیا جائے، تاکہ ان کا علاج مفت میں کیا جا سکے۔
کانگریس این آر آئی سیل کے کنوینر ایم بھیم ریڈی قطر سے اس کوما میں مبتلا مریض کو واپس لانے اور نمس ہاسپٹل میں ان کے داخلے کے انتظامات میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔