جنرل نیوز

ریاض میں اسلامک اسکالرنعیم جاوید کے ہاتھوں کتاب "اردو کیسے سیکھیں ” کی رونمائی

کے این واصف 

ریاض میں محمد عبدالوحید حمیدی کی تصنیف کردہ کتاب “اردو کیسے سیکھین” کی رسم ممتاز ادیب وشاعر، ناظم مشاعرہ ٬ ماہر اقباؔلیات٬ شخصیت ساز’اسلامک اسکالر ڈائریکٹر ہدف نعیم جاوید نے انجام دی۔ محمد عبدالوحید حمیدی کا تعلق حیدرآباد دکن سے ہے۔ یہ تقریب معروف سماجی تنظیم "اظہار ” کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ جس کا اہتمام صدر تنظیم پروفیسر عظمت اللہ بھٹو کی رہائش گاہ پر عمل میں آئی ہے۔اس موقع ممتاز قلمکار مجید عارف نظام آبادی نے محمد عبدالوحید حمیدی کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ درس و تدریس کے مقدس پیشے سے وابستہ ہیں۔ حمیدی صاحب نے بچوں کی اپج و صلاحیتوں کے پیش نظر رکھتے ہوئے “اردو کیسے سیکھیں” ( حصہ اول تا حصہ پنجم ) کے عنوان سے ایک مکمل کورس متعارف کرایا ہے۔جو نئئ نسل کو اردو سیکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔

 

قبل ازیں علامہ اقبالؔ کے فکر و فن پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ نعیم جاوید نے کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت مینارنور کی مانند ہے ۔ جس کی کہکشاں سے نسلیں فیض یاب ہوتی رہیں گی۔تشنگان علم و فن کو روحانی نشاط ملتا رہےگا۔ ان کے اشعار میں بصارتوں اور بصیرتوں کے باب کھلنے لگتے ہیں۔ الفاظ کی دبی چادر سے حسن معنیٰ چھن چھن کر نکلتا ہے۔انہوں نے شاہین کو فضاء بیکراں میں غیرت و حمیت کا یپکر بنایا ہے، توجگنو کی روشنی کو مومن کے نور سے تشبیہ دی ہے۔

 

ان کی نظموں میں زمانے سمٹ آتے ہیں۔وہ قوم کو جلیل القدر ‘جان بازی ‘مہم جو’ بلند خیال دیکھنا چاہتے ہیں۔ جہاں مقصدِ حیات اور رفتار حیات طئے ہوتا ہے۔ان کی سوچتی ہوئی نظمیں بولتی ہوئی شاعری دلوں میں رچ بس جاتی ہے۔ان کی شاعری میں خیال کا آہنگ، احساسِ جمال، سحر آفرینی، روحانی تنویم،تدبیر پسندی کے جوہرہر ملتے ہیں ۔ محفل مین نعیم جاوید کے اسلوب کو خوب پسند کیاگیا۔

 

علامہ اقبال کے فکر و فن پر اظہار خیال کرنے والے دیگر مقررین مین شاہد خیالوی، منصور محبوب چودھری، ڈاکٹر راشد محمود، صدر محفل پروفیسر عظمت اللہ، پروفیسر گوہر رفیق شامل تھے۔ بعد ازاں شعری نشت کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں معروف شعراء کرام منظر حمدانی ،منصور محبوب چودھری،عبدالرحمان راشد عمری، نعیم جاوید نے کلام پیش کیا۔ اس محفل میں سید زین العابدین

 

،راحیل آعظمی کے علاوہ محبان علامہ اقبال کی کثیر تعداد شریک تھی۔ اس علمی و ادبی محفل کا اختتام پروفیسر عظمت اللہ کے ھدیہ شکریہ عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button