کیلیفورنیا میں امیگریشن چیک پوسٹوں پر 30 بھارتی شہری گرفتار

امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں امیگریشن چیک پوسٹوں پر یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن ( سی بی پی ) کے بارڈر پٹرول عہدیداروں نے 49 غیر قانونی تارکینِ وطن کو گرفتار کیا ہے۔ سی بی پی کے مطابق گرفتار شدگان میں 30 افراد بھارتی شہری ہیں۔
حکام نے بتایا کہ کچھ افراد کمرشل ٹرک ڈرائیور لائسنس کے ذریعہ سیمی ٹرک چلا رہے تھے، جبکہ چند دیگر غیر قانونی طور پر امریکہ میں مقیم پائے گئے، جس پر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
امریکہ میں حالیہ ٹرک حادثات میں متعدد جانوں کے ضیاع کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ نے غیر ملکی ٹرک ڈرائیوروں کے لئے ورک ویزا اور کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کو پہلے ہی معطل کر دیا ہے۔ اسی تناظر میں کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے تحت سیمی ٹرک چلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق 23 نومبر سے 12 دسمبر کے درمیان بارڈر پروٹیکشن ایجنٹس کی جانب سے چلائے گئے آپریشن میں کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ سیمی ٹرک چلانے والے 42 غیر قانونی تارکینِ وطن کو حراست میں لیا گیا، جن میں 30 بھارتی شہری شامل ہیں۔ دیگر گرفتار شدگان کا تعلق چین، میکسیکو، روس اور ترکیہ سمیت مختلف ممالک سے بتایا گیا ہے۔
اس کے بعد کیلیفورنیا میں کمرشل ٹرکنگ کمپنیوں کو نشانہ بناتے ہوئے کیے گئے ہائی وے سینٹینل آپریشن کے دوران مزید سات غیر قانونی تارکینِ وطن کو گرفتار کیا گیا، جس کے ساتھ ہی مجموعی گرفتار شدگان کی تعداد 49 ہو گئی۔
سی بی پی حکام نے کہا کہ یہ کارروائیاں امیگریشن قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور ملک کی شاہراہوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔



