103 سالہ خاتون آخری رسومات سے قبل زندہ ہوگئی۔ مہاراشٹرا میں عجیب و غریب واقعہ

ممبئی : مہاراشٹرا کے ناگپور میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا۔ شہر سے تعلق رکھنے والی 103 سالہ بزرگ خاتون گنگابائی سکھارے چند دنوں سے علیل تھیں۔ پیر کی صبح گھر والوں نے یہ سمجھ لیا کہ اس کا دیہانت ہو گیا ہے۔
آخری دیدار کے لیے مختلف علاقوں سے تمام رشتہ دار جمع ہو گئے۔ منگل کی صبح جب آخری رسومات کی تیاریاں کی جا رہی تھیں تو بزرگ خاتون کے پاؤں کی ایک انگلی ہلتی ہوئی ان کے پوتے راکیش سکھارے کو نظر میں آئی۔اس نے فوراً وہاں موجود لوگوں کو اطلاع دی۔ جب ان کی ناک میں رکھا ہوا روئی کا پھایا نکالا گیا تو گنگابائی نے سانس لینا شروع کر دیا۔
یوں جنہیں مردہ سمجھا جا رہا تھا، وہ زندہ نکلیں، جس پر گھر والوں کی خوشی کی کوئی حد نہ رہی۔ ڈاکٹروں نے بھی ان کا معائنہ کیا اور بتایا کہ وہ صحت مند ہیں۔اتفاق سے اسی دن گنگابائی کی 103ویں سالگرہ بھی تھی جسے ارکان خاندان نے شاندار طریقے سے منایا۔
جو رشتہ دار کچھ دیر پہلے تک غم میں ڈوبے ہوئے تھے اور آخری رسومت میں شرکت کیلئے آئے ہوئے تھے وہ سب سالگرہ کا کیک کھا کر خوشی خوشی اپنے گھروں کو واپس لوٹ گئے۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد حال ہی میں منظرِ عام پر آیا۔



