دو خواتین نے آپس میں شادی کرلی

نئی دہلی: دو خواتین نے ایک دوسرے سے محبت کی اور آخرکار شادی بھی کر لی۔ دونوں پیشے کے اعتبار سے ڈانسرس ہیں۔ ان کی شادی ایک مندر میں انجام پائی۔ شادی میں ایک خاتون کے گھر والوں نے تعاون کیا یہ واقعہ مغربی بنگال میں پیش آیا۔جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے مندر بازار کی رہنے والی ریا سردار نے بچپن میں ہی اپنے والدین کو کھو دیا تھا۔
اس کے بعد وہ رشتہ داروں کے گھر پر پلی بڑھی۔ دو سال پہلے بکل تھالہ کی رہنے والی راکھی نسکر سے اس کی ملاقات ہوئی۔ دونوں ہی ڈانسر ہونے کی وجہ سے ان کے درمیان دوستی بڑھی اور پھر یہی دوستی محبت میں تبدیل ہو گئی۔ دونوں گزشتہ دو سال سے ایک دوسرے سے محبت کر رہے تھے۔جب ریا نے اپنے گھر والوں کو راکھی کے ساتھ اپنے رشتے کے بارے میں بتایا تو گھر والوں نے دونوں خواتین کے درمیان اس تعلق کو قبول نہیں کیا۔
اس صورتحال میں ریا نے اپنا گھر چھوڑ دیا اور اس گھر میں جا کر رہنے لگی ۔سماجی اعتراضات کو توڑتے ہوئے دونوں خواتین نے منگل کے روز ایک مندر میں روایتی طریقے سے شادی کر لی۔ دونوں نے ایک دوسرے کے گلے میں پھولوں کی مالا پہنائی۔شادی کے بعد ریا اور راکھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محبت کی کوئی جنس یا حد نہیں ہوتی۔ ہمارے لیے سچی محبت ہی اہم ہے۔ ہم نے اپنی خواہشات کا احترام کیا ہے۔
انہوں نے کہا”کون یہ طے کرتا ہے کہ صرف ایک عورت ہی مرد سے محبت کر سکتی ہے یا صرف ایک مرد ہی عورت سے محبت کر سکتا ہے؟ ایک عورت دوسری عورت سے بھی محبت کر سکتی ہے۔”واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی مغربی بنگال کے دبرج پور میں اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا جہاں سوشمیتا چٹرجی اور نمیتا داس نے ایک مندر میں شادی کی۔



