نوجوان لڑکی باپ کو تھیلے میں ڈال کر کورئیر کرنے پہنچ گئی۔ بنگلور میں عجیب و غریب واقعہ

بنگلورو: سوشل میڈیا پر ویڈیوز کو وائرل کرنے کے لیے لوگ مختلف طریقے اختیار کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں ایک پرینک ویڈیو بنانے کے لیے ایک گروپ کی عجیب حرکتیں موضوعِ بحث بن گئی ہیں۔
ایک نوجوان لڑکی نے اپنے والد کو تھیلہ میں بند کر کے کورئیر آفس لے جانے کی کوشش کی۔ وہاں موجود عملے کو شک ہوا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر وہ سب فرار ہو گئے۔ یہ واقعہ بنگلورو میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق بنگلورو کے ایک کورئیر دفتر میں ایک لڑکی چند افراد کے ساتھ ایک بڑا تھیلا لے کر پہنچی
اور اسے پارسل کے طور پر بھیجنے کی درخواست کی۔ تاہم تھیلے میں حرکت محسوس ہونے پر عملے کو شبہ ہوا۔ جب انہوں نے تھیلا کھولا تو اس میں سے ایک شخص باہر نکلا، جسے دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔ فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی، لیکن اس سے پہلے ہی وہ لوگ وہاں سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے بعد میں انہیں پکڑ کر تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ یہ سب ایک پرینک ویڈیو کے لیے کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ تہواروں کے دوران بس ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے اور ٹکٹ نہ ملنے جیسے مسائل کو دکھانے کے لیے یہ ڈرامہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے انہیں وارننگ دے کر چھوڑ دیا۔
اس گروپ نے اپنی غلطی پر معذرت کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی جاری کی۔



