گیارہ سالہ لڑکے کی بہادری – چیتے سے مقابلہ ؛ پالگڑھ میں واقعہ

File photo
مہاراشٹر میں 11 سالہ طالب علم نے حملہ آور چیتے کو بھگادیا
پالگھر (مہاراشٹر): غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 سالہ طالبعلم نے چیتے کے حملے کے باوجود خوف ظاہر کیے بغیر اسے بھگا دیا۔ واقعہ پالگھر ضلع کے کانچد علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ’کوارا‘ نامی بچہ اسکول سے گھر واپس آرہا تھا کہ اچانک پیچھے سے چیتے نے اس پر حملہ کردیا۔
چیتے نے پہلے بچے کے اسکول بیاگ پر پنجہ مارا لیکن لڑکا فوراً چونک کر زور سے چیخنے لگا۔ اسی دوران اس کے ساتھی طالب علم نے بھی ساتھ مل کر چیتے پر پتھروں سے حملہ کیا۔ بچوں کی چیخیں سن کر قریب میں موجود لوگ لاٹھیاں اور پتھر لے کر موقع پر پہنچے جس کے بعد چیتا جنگل کی طرف بھاگ نکلا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور محکمۂ جنگلات کے اہلکار موقع پر پہنچے اور تحقیقات شروع کردیں۔ محکمۂ جنگلات کے عہدیداروں کے مطابق چیتے کا سراغ لگانے کیلئے کیمرہ ٹریپس اور تھرمل ڈرونز نصب کردیے گئے ہیں جبکہ باؤنڈری جال بھی لگائے جارہے ہیں۔ بچے کے ہاتھ پر زخم آیا ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
عہدیداروں نے کہا کہ چیتے کے حملے کے وقت لڑکا اسکول بیاگ پہنے ہوئے تھا جس کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ جنگلی جانوروں کے حملوں سے جان کا نقصان نہ ہو اس کیلئے احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس واقعے کے بعد چیتوں کی آمد و رفت والے علاقوں میں واقع اسکولوں کو شام چار بجے بند کرنے کی ہدایت متعلقہ تعلیمی حکام کو دی گئی ہے۔



