55 سالہ خاتون نے دیا 17 ویں بچہ کو جنم

راجھستان کے ادے پور میں ایک 55 سالہ خاتون نے اپنے 17ویں بچے کو جنم دیا۔ ریکھا گلبیلیا نامی اس خاتون نے اس سے قبل 16 بچوں کو جنم دیا تھا تاہم ان میں سے چار بیٹے اور ایک بیٹی پیدا ہونے کے کچھ ہی عرصے بعد فوت ہوگئے۔ زندہ بچوں میں سے پانچ کی شادیاں ہوچکی ہیں اور وہ خود والدین بن چکے ہیں۔
ریکھا کی بیٹی شیلا کلبیلیا نے خاندان کی مشکلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہمیشہ کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا رہا ہے۔ لوگ حیران رہ جاتے ہیں جب سنتے ہیں کہ ہماری ماں کے اتنے زیادہ بچے ہیں
خاندان کے سربراہ کوورا کلبیلیا نے بتایا کہ ان کی مالی حالت نہایت خستہ ہے۔ ہمارا اپنا گھر نہیں ہے اور بچوں کو کھلانے کے لئے مجھے ساہوکاروں سے 20 فیصد سود پر قرض لینا پڑا۔ لاکھوں روپے واپس کرچکا ہوں لیکن سود ابھی بھی مکمل ادا نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خاندان کباڑ جمع کرکے گزارہ کرتا ہے مگر بچوں کی تعلیم کا انتظام ممکن نہیں ہو سکا۔ پردھان منتری آواس اسکیم کے تحت مکان منظور ہوا تھا لیکن زمین ہمارے نام نہ ہونے کی وجہ سے آج بھی بے گھر ہیں۔ کھانے، شادی بیاہ اور تعلیم کے وسائل ہمارے پاس نہیں ہیں۔ ہر دن نئی پریشانیاں لے کر آتا ہے۔
جھادول کمیونٹی ہیلت سنٹر کے گائناکالوجسٹ روشن درانگی نے بتایا کہ ریکھا کی طبی تاریخ کے بارے میں ابتدا میں گمراہ کن معلومات دی گئی تھیں۔ جب انہیں ہاسپٹل لایا گیا تو گھر والوں نے کہا یہ چوتھا بچہ ہے، لیکن بعد میں پتہ چلا کہ یہ ان کا 17واں بچہ ہے۔