اسپشل اسٹوری

پھیرے مکمل، بینڈ باجا بھی بجا ؛ دولہا اور دلہن نے ڈانس بھی کیا — لیکن رخصتی سے قبل اچانک دلہن غائب ؛ بارات خالی ہاتھ لوٹ گئی

اتر پردیش کے ضلع بارابنکی میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا، جہاں شادی کی تمام رسومات مکمل ہونے کے بعد رخصتی سے ٹھیک پہلے دلہن پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی۔ کئی گھنٹوں کی تلاش کے باوجود جب اس کا کوئی سراغ نہیں ملا تو مجبوراً دولہے کو بارات بغیر دلہن واپس لوٹنا پڑا۔ دولہا نے دلہن کے گھر والوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ شہر کوتوالی علاقے کے بَنکی قصبے کا ہے۔ یہاں بنشی لال گوتم کی بیٹی پَلّوی کی شادی  گھونگھٹر کے رہنے والے سنیل گوتم سے طے ہوئی تھی۔ منگل کی رات بارات دھوم دھام سے پہنچی، باراتیوں کا استقبال ہوا، دروازہ پوجا کی رسومات ادا کی گئیں اور رات گئے سات پھیرے لے کر شادی مکمل کی گئی۔ دولہا سنیل کمار اور دلہن پَلّوی نے اسٹیج پر جے مالا کے بعد ڈی جے پر رقص بھی کیا۔

 

دولہے کے مطابق شادی میں کوئی کمی نہ رہے، اس کے لیے اس نے اپنی تین بیگھہ زمین 1 لاکھ 60 ہزار روپے میں گروی رکھ کر دلہن کے لیے زیورات تیار کروائے تھے۔ تقریباً 90 باراتی 11 گاڑیوں کے قافلے میں شریک ہوئے۔

 

جمعرات کی صبح جیسے ہی رخصتی کی تیاری شروع ہوئی تو گھر والوں نے دیکھا کہ دلہن اپنے کمرے میں موجود نہیں ہے۔ ابتدا میں سمجھا گیا کہ وہ قریب ہی ہوگی، لیکن تلاش کے باوجود دوپہر تک اس کا کوئی پتہ نہیں چل سکا، جس کے بعد دونوں خاندانوں میں کھلبلی مچ گئی۔

 

کافی تلاش کے بعد شبہ ظاہر کیا جانے لگا کہ دلہن ممکنہ طور پر اپنے مبینہ عاشق کے ساتھ فرار ہو گئی ہے۔ اندازہ ہے کہ تمام رسومات مکمل کرنے کے بعد اس نے رات میں موقع پا کر اپنے محبوب کے ساتھ بھاگنے کا منصوبہ عمل میں لایا۔ فی الحال پولیس کی تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button