کیرالا کے چیف منسٹر کو خلیجی ممالک کے دورے کی اجازت دینے سے مرکز کا انکار – چندر بابو نائیڈو کو دی دورے کی اجازت

جدہ سے عرفان محمد کی رپورٹ
کیرالا کے چیف منسٹر پنارائی وجین کو خلیجی ممالک کے دورے کی اجازت دینے سے مرکزی حکومت نے انکار کردیا ہے۔ چیف منسٹر وجین اس دورے کے ذریعہ خلیجی ممالک میں مقیم کیرالا کے تارکینِ وطن سے ملاقات کرنے والے تھے۔ اس دورے کا مقصد دنیا بھر میں ملیالم زبان کے فروغ اور بیرونِ ملک مقیم کیرالا کے باشندوں کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنا تھا۔
چیف منسٹر نے 16 اکتوبر کو بحرین، 17 سے 19 اکتوبر تک سعودی عرب، 24 اور 25 اکتوبر کو عمان، ایک ایک دن کے لئے قطر، کویت، دبئی اور ابوظبی کے دورے کا منصوبہ بنایا تھا۔ تاہم، مرکزی حکومت نے اس پورے پروگرام کی منظوری دینے سے انکار کردیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ سال بھی چیف منسٹر وجین کے سعودی عرب کے مجوزہ دورے کو مرکز نے مسترد کردیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان ہی تواریخ 24 اور 25 اکتوبر.کو آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این۔ چندر بابو نائیڈو کے دبئی اور ابوظبی کے دوروں کی مرکزی حکومت نے نہ صرف اجازت دی بلکہ وہاں مقیم ہندوستانی برادری سے ان کی ملاقات کے انتظامات میں بھرپور تعاون فراہم کیا ہے۔
سیاسی حلقوں میں یہ تاثر پایا جارہا ہے کہ پنارائی وجین نے یہ خلیجی دورہ آئندہ بلدیاتی انتخابات اور اگلے سال ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے مقصد سے ترتیب دیا تھا۔
ماضی میں ان پر یہ الزام بھی لگ چکا ہے کہ دبئی کے سابقہ دوروں کے دوران انہوں نے کمیونسٹ پارٹی کو مضبوط کرنے کی کوشش کی تھی۔
ذرائع کے مطابق، خلیجی ممالک میں کیرالا کے ملیالی طبقے پر اثر رکھنے والی مخالف سیاسی قوتوں کے اثر و رسوخ کو محدود کرنے کے لئے مرکزی بی جے پی حکومت خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔