منہ کھولا تو ہزاروں گیلن پانی نگل گئی دیوہیکل مچھلی، نایاب منظر کیمرے میں قید!

دنیا کی دوسری سب سے بڑی مخلوق فن وہیل کی خوراک کھانے کا نایاب منظر کیمرے میں قید
یہ نایاب منظر برطانیہ (United Kingdom) کے ویلز (Wales) کے ساحل کے قریب بحیرۂ سیلٹک (Celtic Sea) میں دیکھا گیا۔
دنیا کی دوسری سب سے بڑی سمندری مخلوق ’فن وہیل‘ کے خوراک کھانے کا حیرت انگیز منظر ڈرون کیمرے میں قید ہوگیا۔ یہ نایاب ویڈیو ویلز کے ساحل کے قریب سیلٹک سمندر میں ایک مقامی ماہی گیر رِس مورگن نے اپنے ڈرون کے ذریعے فلم بند کیا، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق رِس مورگن اپنے ایک دوست کے ساتھ مچھلیاں پکڑنے گئے تھے کہ انہوں نے سمندر میں ایک دیوہیکل وہیل کو حرکت کرتے دیکھا۔ انہوں نے فوری طور پر اپنی کشتی میں موجود ڈرون کو فضا میں روانہ کیا اور اس منظر کو ریکارڈ کرلیا۔ ویڈیو میں وہیل اپنا بہت بڑا منہ کھول کر ایک ہی بار میں ہزاروں گیلن پانی اور اس میں موجود ننھے سمندری جاندار ’کرل‘ کو نگلتی دکھائی دے رہی ہے۔
رِس مورگن نے بتایا کہ یہ منظر محض خوش قسمتی سے دیکھنے اور ریکارڈ کرنے کا موقع ملا۔ کشتی کے پیچھے سے ڈرون اڑاکر جب انہوں نے یہ منظر دیکھا تو وہ اور ان کے ساتھی بے حد پرجوش ہوگئے۔
فن وہیل عام طور پر 24 میٹر تک لمبی اور 70 سے 77 ٹن وزنی ہوتی ہے۔ بنگور یونیورسٹی کی سمندری حیاتیات کی ماہر ڈاکٹر ماریانا چیمینٹی کے مطابق فن وہیل عموماً ٹھنڈے اور گہرے سمندری پانیوں میں رہتی ہیں، اس لئے ساحل کے اتنے قریب آکر خوراک حاصل کرنے کا منظر انتہائی نایاب ہے۔



