اسپشل اسٹوری

ہندو مسلم نوجوانوں نے مل کر بے سہارا مسلم ضعیف خاتون کی تدفین کی۔ عادل آباد کے نوجوانوں کی ستائش

نمائندہ خصوصی کی رپورٹ 

 

عادل آباد13/مارچ(اردو لیکس) تلنگانہ کے شہر عادل آباد کی مختلف رفاہی فلاحی تنظیموں سے وابستہ خدمت خلق میں ہر وقت بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے مسلم و غیر مسلم نوجوانوں نے بیسٹ فرینڈ ہیلپ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر عبدالعزیز کی سرپرستی میں بے سہارا مسلم ضعیف خاتون کی آخری رسومات انجام دیں۔ذرائع سے ملی اطلاعات و تفصیلات کے مطابق مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والا جوڑا شیخ عبدالغفار اور انکی اہلیہ شیخ مننی بیگم جن کو کوئی سہارا نہ ہونے کی وجہ سے روزگار کے لئے عادل آباد کے محلہ خانہ پور میں قیام پذیر تھے اور روزآنہ جو بھی مزدوری ملتی اس کو انجام دیتے ہوئے زندگی بسر کررہے تھے

۔بتایا جارہا ہے کہ عبدالغفار کی اہلیہ کا مختصر سی علالت کے بعد ضلع عادل آباد کے ایچوڑا میں اتوار کو انتقال ہوگیا اور کوئی مضبوط سہارا نہ ہونے کی وجہ سے ضعیف شوہر اپنی اہلیہ کی نعش کو اسی حالت میں چھوڑ کر مایوسی کی حالت میں اکیلے ہی باقی زندگی گذارنے کے لیے گھر واپسی کا ارادہ کرلیا تھا۔اسی اثناء ایچوڑا کے صدام نامی شخص نے بیسٹ فرینڈ ہیلپ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر عبدالعزیز و سیوا فاؤنڈیشن کے صدر خواجہ سراج الدین سے رابطہ کرتے ہوئے تمام تفصیلات سے واقف کروایا۔عبدالعزیز اور خواجہ سراج الدین نے قانونی طور پر پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے رابطہ کرتے ہوئے آگے کی کاروائی کا آغاز کیا اور متوفی خاتون کے ضعیف شوہر کی کونسلنگ کی

 

اور شوہر کی اجازت کے بعد شوہر کی نگرانی میں ہیومین ویلفیئر آرگنائزیشن کے جنرل سیکرٹری انتخاب عالم کو اطلاع دی اور نعش کو عادل آباد کے رمس اسپتال کے مردہ خانہ منتقل کرتے ہوئے ہیومین ویلفیئر آرگنائزیشن سے وابستہ مسلم خواتین کی مدد سے اسلامی طریقہ پر آخری رسومات انجام دی اور محلہ بھکتاپور میں نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد عیدگاہ سے متصل قبرستان میں تدفین عمل میں لائی

 

۔اس پوری کاروائی میں بیسٹ فرینڈ ہیلپ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر عبدالعزیز،سیوا فاؤنڈیشن کے صدر خواجہ سراج الدین،ہیومین ویلفیئر آرگنائزیشن کے جنرل سیکرٹری انتخاب عالم کے علاوہ ایم پرمود،واگمارے،ایم وجے،عمران خان،محمد خالد،افتخار الدین،سمیر،تبریز،آصف علی اور دیگر نے حصہ لیا۔اس طرح مسلم و غیر مسلم نوجوانوں نے ایک بے سہارا مسلم ضعیف خاتون کی آخری رسومات انجام دیتے ہوئے بہترین انسانیت کی مثال قائم کی ہے۔جو قابل ستائش و لائق تحسین ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button