اسپشل اسٹوری

شادی  میں ڈی جے، ڈانس اور آتش بازی ہوگی تو قاضی نکاح نہیں پڑھائیں گے : جھارکھنڈ کی مسلم تنظیموں کا اعلان

حیدرآباد _ 10 جنوری ( اردولیکس ڈیسک) جھارکھنڈ کے ضلع دھنباد میں 55 مسلم تنظیموں نے نکاح اور بارات کے موقع پر ڈی جے، آتش بازی اور ناچ گانے پر سخت پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ دھنباد شہر کے واسی پور میں منعقدہ تنظیموں کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔ عام رائے سے یہ طے پایا کہ اگر نکاح کے دوران ایسا ہوا تو کوئی قاضی نکاح نہیں پڑھائیں گے ۔ یہ اصول پورے دھنباد ضلع میں لاگو ہوگا۔

 

اس اجلاس کا اہتمام تنظیم علمائے اہلسنت کے زیر اہتمام کیا گیا تھا۔ تنظم کے سیکرٹری مولانا غلام سرور قادری نے بتایا  کہ نکاح آسان کرو کے نام سے مہم شروع کر دی گئی ہے۔ دھنباد کے بعد پوری ریاست میں اسی طرح کی پہل کی جائے گی۔ میٹنگ میں آنے والے مسلم کمیونٹی کے تمام نمائندوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ شادی بیاہ کے دوران غیر ضروری نمائشوں سے لوگوں کی مالی حالت خراب ہو رہی ہے۔ آتش بازی اور ڈی جے نہ صرف اسلام کے عقائد اور روایات کی خلاف ورزی ہیں بلکہ ان کی وجہ سے اسراف میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ فیصلہ کیا گیا کہ ایسی شادیوں کا اجتماعی بائیکاٹ کیا جائے گا۔

 

اس موقع پر مفتی محمد رضوان احمد نے کہا کہ اگر ہم اپنا پیسہ بچوں کی تعلیم اور بہتری پر خرچ کریں تو اس سے نہ صرف انہیں فائدہ ہوگا بلکہ یہ سماجی ترقی کی جانب ایک ٹھوس قدم ہوگا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے دھنباد ضلع کے توپچانچی بلاک کے لیڈاٹنڈ میں 28 پنچایت دیہات کے مسلمانوں کی میٹنگ میں بھی ایسا ہی فیصلہ لیا گیا تھا۔ ایسی میٹنگوں میں جہیز پر پابندی لگانے پر بھی بات ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button