تل ابیب کے آسمان پر ہزاروں کوؤں کا جھنڈ – خطرے کی علامت یا محض قدرتی منظر؟
اسرائیل کا ایک اہم اور بڑا شہرتل ابیب میں آسمان پر بڑی تعداد میں کوؤں کے منڈلانے کی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو کر شہریوں میں خوف و ہراس کا باعث بن گئی، تاہم اس ویڈیو کی صداقت تاحال ثابت نہیں ہوسکی ہے۔
غیر مصدقہ ویڈیو میں سینکڑوں کوؤں کو تل ابیب کے آسمان پر پرواز کرتے دکھایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اور بعض کارکنوں نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے مختلف خدشات کا اظہار کیا اور اسے کسی ممکنہ خطرے کی علامت قرار دیا۔
کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ مختلف ثقافتوں میں اس طرح پرندوں کی پرواز کو نحوست یا کسی بڑے واقعے کی پیشگی علامت سمجھا جاتا ہے، تاہم اس دعوے کی کوئی سائنسی بنیاد موجود نہیں ہے۔
دوسری جانب متعدد افراد نے ویڈیو کی حقیقت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ ممکنہ طور پر مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی ہوسکتی ہے یا پھر کسی اور مقام کی پرانی ویڈیو کو اسرائیل سے جوڑ کر پھیلایا جا رہا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ حالیہ دنوں میں اسرائیل، ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے، تاہم اس وائرل ویڈیو کا ان حالات سے کوئی مصدقہ تعلق سامنے نہیں آیا ہے۔
ماہرین کے مطابق پرندوں کا بڑی تعداد میں ایک جگہ جمع ہونا ایک قدرتی عمل ہے جو عموماً موسم، خوراک یا نقل مکانی جیسے عوامل کے باعث پیش آتا ہے، اسے کسی آنے والے خطرے کی علامت قرار دینا درست نہیں۔



