اسپشل اسٹوری

ٹرک ڈرائیور کی بیٹی کا بڑا کارنامہ: فیروز فاطمہ نے یو پی ایس سی میں آل انڈیا رینک 708 حاصل کر لی

محنت، حوصلہ اور عزم ہو تو حالات کبھی رکاوٹ نہیں بنتے۔ اتراکھنڈ کے ضلع ہریدوار کے علاقے پیران کلیار سے تعلق رکھنے والی فیروز فاطمہ نے یہی ثابت کر دکھایا۔ ایک ٹرک ڈرائیور کی بیٹی نے ملک کے سب سے مشکل امتحانات میں شمار ہونے والے یو پی ایس سی سول سروسز امتحان 2025 میں آل انڈیا رینک 708 حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا۔

 

فیروز فاطمہ کے والد اقبال احمد طیگی ٹرک ڈرائیور ہیں جبکہ ان کی والدہ گھریلو خاتون ہیں۔ محدود وسائل اور مالی مشکلات کے باوجود فاطمہ نے ہمت نہیں ہاری۔ مسلسل محنت، لگن اور ثابت قدمی کے ساتھ انہوں نے اپنی پڑھائی جاری رکھی اور آخرکار اپنے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔

 

دلچسپ بات یہ ہے کہ فیروز فاطمہ اس وقت ریزرو بینک آف انڈیا میں ڈپٹی منیجر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے تیسرے موقع پر یو پی ایس سی امتحان پاس کر کے یہ ثابت کر دیا کہ کامیابی انہی کو ملتی ہے جو ہمت نہیں ہارتے۔

 

ان کی شاندار کامیابی کی خبر پھیلتے ہی پیران کلیار درگاہ کے قریب واقع ان کے آبائی علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اہلِ خانہ، دوست احباب اور مقامی لوگ اس کامیابی پر فخر محسوس کر رہے ہیں اور جشن کا ماحول ہے۔

 

فیروز فاطمہ کی کہانی آج ہزاروں نوجوانوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ خواب بڑے ہوں تو حالات کی تنگی بھی راستہ نہیں روک سکتی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button