یوسف پٹھان نے لیا ” ایشور ” کے نام پر حلف _ لفظ ایشور کے استعمال سے متعلق دارالعلوم دیوبند کے دو الگ الگ فتوی!

حیدرآباد _ 25 جون ( اردولیکس ڈیسک) سابق ہندوستانی کرکٹر اور ترنمول کانگریس کے رکن یوسف پٹھان نے منگل کو 18ویں لوک سبھا کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔انہوں نے اپنا حلف اللہ یا خدا کا نام لینے کے بجائے ” ایشور” کے نام پر لیا۔ جس پر مختلف گوشوں سے ان پر تنقیدیں کی جارہی ہیں اور مسلمانوں میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا ایشور کے نام پر حلف یا قسم کھا سکتے ہیں؟ اس سلسلے میں بعض افراد نے اس کی تائید اور مخالفت بھی کی ہے
اردولیکس نے اس معاملے پر ہندوستان کی مشہور دینی درسگاہ جامعہ دارالعلوم دیوبند کے فتوی کو پیش کیا ہے جس میں دارالعلوم دیوبند نے ایک فتوی جس کا سوال نمبر 157658 میں ” ایشور ” کے نام پر قسم کھانے یا حلف اٹھانے کو درست قرار دیا اور اس کی اجازت دی۔ فتوی کے جواب میں کہا کہ ” اردو لغت اسی طرح لوگوں کے بول چال سے معلوم ہوتا ہے کہ ایشور ” اللہ ” کا مترادف ہے جیسے "خدا” "اللہ” کے مترادف کے طور پر استعمال ہوتا ہے ، فقہاء نے یہ صراحت کی ہے کہ قرآن وحدیث کے اندر اللہ تعالیٰ کے جو اسماء وصفات عربی میں آئے ہیں ، دیگر زبانوں میں ان کا جو ترجمہ ہو اسی طرح ان کے جو مترادف الفاظ ہوں ان کا استعمال بھی اللہ کے لیے جائز ہے ”
جبکہ ایک اور فتوی سوال نمبر 29070 میں دارالعلوم دیوبند نے جواب دیا کہ اللہ تعالٰی کو ایشور کے نام سے پکارنا یا ایشور کے نام پر قسم کھانا مسلمانوں کے لیے درست نہیں ہے۔
یوسف پٹھان مغربی بنگال کے اکوٹا لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری کو شکست دے کر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔ کرکٹ کے بعد اب یوسف پٹھان خان سیاست کی اننگز کا آغاز کر رہے ہیں۔