تلنگانہ

حیدرآباد کی سٹی سول کورٹ، جم خانہ کلب اور ججس کوارٹرز کو بم سے اڑانے کی دھمکی، سیکیورٹی ادارے چوکس

حیدرآباد کی سٹی سول کورٹ، جم خانہ کلب اور ججس کوارٹرز کو بم دھمکی، سیکیورٹی ادارے چوکس

 

حیدرآباد کے پرانے شہر میں واقع سٹی سول کورٹ،سنکدراباد سیول کورٹ ؛ ججس کے چیمبر، جم خانہ کلب اور ججس کوارٹرز  میں بم نصب ہونے کی سنگین ای میل دھمکیاں منگل کے اولین وقت موصول ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق، ایک گمنام ای میل کے ذریعے دعویٰ کیا گیا کہ ان مقامات پر RDX اور IED دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا ہے، اور یہ بھی کہا گیا کہ کورٹ میں دھماکے کے 23 منٹ بعد جم خانہ کلب میں بھی دھماکہ کیا جائے گا۔

 

دھمکی کی اطلاع ملتے ہی حیدرآباد پولیس، بم اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیاں فوری حرکت میں آ گئیں۔ مذکورہ چاروں مقامات پر بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی گئی، جب کہ سٹی سول کورٹ کی کارروائیاں فوری طور پر معطل کر دی گئیں۔ عمارت کو خالی کرایا گیا اور عوام کی آمد و رفت پر پابندی لگا دی گئی۔

 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر کوئی مشتبہ شے برآمد نہیں ہوئی، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت مکمل تلاشی جاری ہے۔ سائبر کرائم اور فرانزک ماہرین بھی ای میل کی نوعیت اور اس کے ماخذ کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔

 

اعلیٰ حکام نے اس واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تمام اہم سرکاری دفاتر اور عدالتوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور پولیس سے تعاون کریں۔

 

پولیس کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ پر ہیں، اور ہر زاویے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ جلد ہی اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button