انٹر نیشنل

امسال 25 فیصد زیادہ زائرین نے عمرہ کی سعادت حاصل کی ۔ وزیر داخلہ

ریاض ۔ کے این واصف

ماہ رمضان کی ابتداُ ہی سے حرمین شریفین میں زائرین کے اژدہام کی خبریں آرہی تھی۔ رمضان کے اختتام پر سعودی وزیر داخلہ نے حرمین میں زائرین کی حاضری پر خلاصہ کیا۔ وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا ہے کہ ’گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال عمرہ زائرین کی تعداد میں 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ توقع ہے کہ آئندہ سالوں کے دوران ان کی تعداد مزید بڑھے گی‘۔

اخبار 24 کے مطابق وزیر داخلہ نے جمعے کو وزارت کے اعلی عہدیداروں اور سیکیورٹی اداروں کے کمانڈروں سے مکہ مکرمہ میں ملاقات کے دوران کہا کہ ’زائرین کی تعداد میں اضافے کے ساتھ پیشہ ورانہ لیاقت بڑھ رہی ہے۔ ٹیکنالوجی پر انحصار اور پیشگی منصوبہ بندی کا رواج بھی بڑھ رہا ہے‘۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ’عمرہ سیزن میں سیکیورٹی اہلکاروں نے جو کاوشیں کیں وہ زبردست ہیں۔ عمرے پر آنے والوں، نمازیوں اور زائرین کے حلقوں میں امن و سلامتی کا احساس بڑھا ہے‘

وزیر داخلہ نے توجہ دلائی کہ ’اعلی قیادت کی مسلسل تاکید ہے کہ ایسے تمام اقدامات کیے جائیں جن سے زائرین عمرہ، حج اور زیارت کے کام سہولت اور اطمینان کے ساتھ کرسکیں‘۔ وزیر داخلہ نے حسب روایت سیکیورٹی اداروں کے اعلی عہدیداروں کو خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی جانب سے عید الفطر کی مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button