تلنگانہ

صرف 10 منٹ کی تاخیر، ایک سال کی محنت ضائع – انٹرمیڈیٹ امتحان میں تاخیر سے پہنچے طلبہ امتحان لکھنے سے محروم

انٹرمیڈیٹ امتحان کے پہلے دن تاخیر سے پہنچنے والے کئی طلبہ امتحان سے محروم

 

تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے واضح ہدایات جاری کئے جانے کے باوجود ریاست کے مختلف امتحانی مراکز پر انٹرمیڈیٹ امتحان کے پہلے دن متعدد امیدوار 10 سے 15 منٹ تاخیر سے پہنچے، جس کے باعث انہیں امتحانی ہال میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ نتیجتاً یہ طلبہ پرچہ لکھنے سے محروم رہ گئے۔

 

بورڈ حکام کے مطابق امتحان کے اوقات اور ضوابط پہلے ہی اعلان کئے جاچکے تھے اور طلبہ کو تاکید کی گئی تھی کہ وہ کم از کم آدھا گھنٹہ قبل مرکز پر پہنچ جائیں۔ اور 5 منٹ تاخیر سے آنے والوں کو بھی امتحان لکھنے کی اجازت دی گئی تھی تاہم بعض مقامات پر ٹریفک مسائل، تاخیر سے گھروں سے روانگی اور دیگر وجوہات کے سبب امیدوار مقررہ وقت 9 ںج کر 5 منت کے بعد پہنچے۔ ضابطوں کے تحت امتحان شروع ہونے کے چند منٹ بعد کسی بھی امیدوار کو داخلے کی اجازت نہیں دی جاتی، جس پر سختی سے عمل کیا گیا۔

 

امتحانی مراکز کے باہر بعض طلبہ اور سرپرستوں میں مایوسی دیکھی گئی۔ چند والدین نے نرمی برتنے کی اپیل کی، تاہم عملے نے واضح کیا کہ قواعد میں کسی قسم کی رعایت ممکن نہیں۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ امتحانی نظام کی شفافیت اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے مقررہ اوقات کی پابندی لازمی ہے۔

 

تعلیمی ماہرین نے اس واقعہ کو طلبہ کے لیے سبق آموز قرار دیتے ہوئے کہا کہ چند منٹ کی غفلت ایک سال کی محنت پر پانی پھیر سکتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ آئندہ امتحانات کے دوران پیشگی منصوبہ بندی کریں اور غیر متوقع حالات سے بچنے کے لیے بروقت روانہ ہوں۔

 

واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات ریاست بھر میں سخت نگرانی کے تحت منعقد ہو رہے ہیں اور بورڈ کی جانب سے نقل کی روک تھام اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button