تلنگانہ

حیدرآباد کو آنے اور جانے والی 23 انٹرنیشنل پروازیں منسوخ

حیدرآباد: مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگ جیسے حالات کے باعث حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ شمش آباد سے ہفتہ کے روز خلیجی ممالک کے لیے اڑان بھرنے والی متعدد بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

 

ایئرپورٹ حکام نے ایک بیان میں بتایا کہ اس صورتحال کے پیش نظر جملہ 23 بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔حکام کے مطابق دوحہ، شارجہ، دبئی، ابو ظہبی، بحرین، دمام اور کویت سمیت مختلف خلیجی شہروں سے حیدرآباد آنے والی 12 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

 

اسی طرح شمش آباد ایئرپورٹ سے ان خلیجی ممالک کے لیے روانہ ہونے والی 11 پروازیں بھی معطل کر دی گئیں جس کے باعث مسافروں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مغربی ایشیا میں جاری شدید حملوں اور غیر یقینی صورتحال کے باعث فضائی سفر پر اثر پڑا ہے اور کئی ایئرلائنز نے حفاظتی اقدامات کے تحت اپنی پروازیں عارضی طور پر روک دی ہیں۔

 

دوسری جانب ایمریٹس ایئرلائن کے نمائندوں نے بھی اعلان کیا ہے کہ مغربی ایشیا میں صورتحال معمول پر آنے تک دبئی اور دیگر مقامات کے درمیان چلنے والی اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل رکھی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی خطے میں حالات بہتر ہوں گے، پروازوں کی خدمات دوبارہ بحال کرنے پر غور کیا جائے گا۔

 

ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button