تلنگانہ
تلنگانہ کے سرسلہ ضلع میں دیسی ساختہ بندوقیں تیار اور اس کا استعمال کرنے والے 4 افراد گرفتار

سرسلہ _ 29 ( آصف علی سعادت) تلنگانہ کے سرسلہ ضلع میں پولیس نے دیسی ساختہ بندوقیں تیارکرنے والے ایک شخص اوران بندوقوں کو جنگلی جانوروں کے شکار کے لئے استعمال کرنے والے دیگر تین افراد کو گرفتار کرلیا۔
ضلع کے گمبھی راو پیٹ منڈل سے تعلق رکھنے والا شنکر نامی شخص د یسی ساختہ بندوقیں تیار کرتے ہوئے جنگلی جانوروں کے شکاریوں کو فروخت کررہاتھا۔پولیس نے شنکر کے گھر پرچھاپہ ماراجہاں وہ مختلف اوزاروں سے بندوقیں بناتا ہوا پکڑا گیا۔اس کے پاس سے بندوق کے دو بیرل اور انہیں بنانے میں استعمال ہونے والے اوزار ضبط کرلئے گئے۔
بعد ازاں اس کے ساتھیوں چندرامولی، ہریش اورگنگیا کو شنکر سے بندوقیں خریدنے اور جانوروں کے شکار کے لیے استعمال کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ چار افرادکے خلاف مقدمہ درج کر کے ریمانڈ کردیاگیا۔