مدینہ کے پاس حادثہ میں جاں بحق 45 حیدرآبادی زائرین کی آج جنت البقیع میں تدفین

حیدرآباد / سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کے قریب 17 نومبر کو پیش آنے والے المناک بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے 45 زائرین کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ ظہر مسجد نبوی میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر ان کے رشتے دار موجود تھے۔تدفین کا عمل جنت البقیع میں مکمل کیا گیا جہاں ان شہداء کی آخری آرام گاہ تیار کی گئی۔
تلنگانہ کے وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تدفین کا عمل دو دن قبل ہی مکمل کیا جانا تھا لیکن سعودی عرب میں سڑک حادثات میں ہونے والی اموات کے حوالے سے موجود مقامی قوانین کے مطابق کارروائی میں کچھ تاخیر ہوئی۔
ریاستی وزیر نے مزید کہا کہ یہ تاخیر اس لئے ہوئی کیونکہ سعودی قوانین کے مطابق حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت اور دیگر قانونی مراحل مکمل کرنے میں وقت لگتا ہے۔خیال رہے کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے یہ 45 زائرین چند دن قبل مدینہ کے قریب ایک افسوسناک بس حادثے کا شکار ہوئے تھے
حادثے کی اطلاع ملتے ہی حکومت تلنگانہ اور سعودی حکام نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعاون کا عزم ظاہر کیا اور ان کے لواحقین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کیے گئے۔ وزیر محمد اظہر الدین نے اس بات کی تصدیق کی کہ حکومت تمام متاثرہ خاندانوں کی مدد کر رہی ہے اور اس حوالے سے سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔








