تلنگانہ ملوگو ضلع میں انکاونٹر 5 ماو نواز ہلاک

حیدرآباد: تلنگانہ کے ملوگو ضلع میں چھتیس گڑھ کی سرحد کے قریب ایک اور بڑا انکاؤنٹر ہوا جس میں سیکیورٹی فورسز اور ماؤ نواز وں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا۔ یہ انکاؤنٹر بھیمارم پاڈو کے قریبی جنگلاتی علاقے میں ہوا جس میں پانچ ماؤ نواز ہلاک کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق انتہائی مطلوب ماؤ نواز لیڈر "ہڈما” کے ہمراہ تقریباً 2500 ماؤ نوازوں کی بھیمارمپاڈو کے قریب جنگلاتی علاقے میں موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اس اطلاع کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں گزشتہ دو دنوں سے یہاں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم انجام دینی شروع کردی تھی۔
جنگلاتی علاقے کو چاروں طرف سے گھیر کر ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بھی تلاش کی گئی۔ اسی دوران ماؤ نوازوں سے مڈبھیڑ ہوئی جس میں سیکیورٹی فورسز نے پانچ باغیوں کو ہلاک کر دیا۔
اس کارروائی کے پیش نظر، بھیمارمپاڈو کے مقامی افراد کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ انکاؤنٹر سے متعلق مزید تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی۔