حیڈرا کے نام سے 50 لاکھ کی وصولی۔ مقدمہ درج

حیدرآباد ۔ حیڈرا (HYDRA) حکام سے بات کرکے مسئلہ حل کروانے کا جھانسہ دے کر تین افراد نے ایک خاتون سے 50 لاکھ روپے وصول کر لیے۔ یہ معاملہ اُس وقت سامنے آیا جب کمشنر اے وی رنگناتھ کی نگرانی میں جمعرات کے روز دونوں فریقین کو بٹھا کر پوچھ گچھ کی گئی۔
حیڈرا نے تینوں افراد کے خلاف پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔تُکّوگوڑہ میونسپلٹی کے مانکھال گاؤں میں ایک ریئل اسٹیٹ کمپنی "ورٹیکس” نے ایک خاتون کی زمین پر سڑک تعمیر کر دی تھی جس پر اس خاتون نے حیڈرا سے رجوع کیا۔ اس واقعے کی اطلاع ملنے پر تین افراد نے خاتون سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ حیڈرا کے افسران سے بات کرکے انصاف دلائیں گے اور اس بہانے 50 لاکھ روپے وصول کر لیے۔
کمشنر رنگناتھ کی ہدایت پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ حیڈرا کے مطابق ان تین افراد میں دو ڈیجیٹل میڈیا نمائندے ہیں جبکہ تیسرا شخص ایک دلال ہے جو خود کو وکیل ظاہر کرتا ہے۔