پکوان گیس سلنڈر پھٹنے سے 6 افراد زخمی – تین کی حالت نازک – تلنگانہ کے عادل آباد ضلع میں واقعہ

عادل آباد _ تلنگانہ کے عادل آباد ضلع کے بوتھ حلقہ اسمبلی کے پِپّل داری گاؤں میں ایک مکان میں گیس سلنڈر لیک ہونے کے بعد اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں چھ افراد شدید طور پر جھلس گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، توڈاسم سونے راو کے مکان میں یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب کھانا پکانے کے دوران گیس لیک ہو گئی اور یکایک آگ لگ گئی۔ گھر میں موجود تمام چھ افراد آگ کی لپیٹ میں آ کر بری طرح جھلس گئے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی سابق سرپنچ بنداری شری دھر ریڈی اور مقامی افراد نے فوری طور پر متاثرہ افراد کو بوتھ کے سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ وہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈاکٹروں نے بہتر علاج کے لیے تمام زخمیوں کو 108 ایمبولینس کے ذریعہ آدیل آباد کے رِمز اسپتال بھیج دیا۔
ذرائع کے مطابق جھلسنے والوں میں تین افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او سری سائی نے بوتھ سرکاری اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور گاؤں والوں سے حادثے کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔