ہزاروں طلبہ کے ساتھ 63 ویں دینی تعلیمی ریالی کا کامیاب انعقاد چارمینار تا قلی قطب شاہ اسٹیڈیم مارچ۔ طلبہ کے شاندار مظاہرے۔ مولانا مفتی ضیاء الدین نقشبندی، مولانا علی قادری کے خطابات

ہزاروں طلبہ کے ساتھ 63 ویں دینی تعلیمی ریالی کا کامیاب انعقاد
چارمینار تا قلی قطب شاہ اسٹیڈیم مارچ۔ طلبہ کے شاندار مظاہرے۔ مولانا مفتی ضیاء الدین نقشبندی، مولانا علی قادری کے خطابات

حیدرآباد۔ یکم دسمبر (پریس نوٹ) مرکزی انجمن قادریہ کے زیر اہتمام 63 ویں دینی تعلیمی ریالی میں ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔ تاریخی چارمینار کے روبرو مولانا ڈاکٹر سید محمود صفی اللہ حسینی قادری وقار پاشاہ نے سبز جھنڈی دکھا کر دینی تعلیمی ریلی کو روانہ کیا۔
جناب میر ذوالفقار علی رکن اسمبلی چارمینار و صدر استقبالیہ کے علاوہ مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ، مولانا ڈاکٹر سیف اللہ شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ، مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری، مولانا سید عارف پاشاہ قادری لاابالی، مولانا ڈاکٹر حافظ سید رضوان پاشاہ قادری لاابالی، مولانا سید حیدرعلی حسینی، مولانا سید محمود علی حسینی، مولانا سید لیاقت حسین رضوی، مولانا محمود اسد اللہ صدیقی، مولانا محی الدین قادری، مولانا سید ندیم اللہ حسینی، مولانا سید عبداللہ صفی حسینی قادری، مولانا صوفی زبیر چشتی ابوالعلائی کے علاوہ علماء کرام مشائخ عظام اور دینی و عصری مدارس کے ذمہ داران اور ہزاروں کی تعداد میں طلبہ موجود تھے
۔ یہ ریالی چارمینار، گلزار حوض، پتھرگٹی، مدینہ بلڈنگ، ہائی کورٹ سے قلی قطب شاہ اسٹیڈیم پر اختتام پذیر ہوئی۔ مختلف اسکولوں کے تقریباً 15 ہزار طلبہ نے اس ریالی میں حصہ لیا، جس کا بنیادی مقصد نئی نسل میں اخلاقی اقدار اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کو اجاگر کرنا تھا۔ اس ریالی کی خصوصیت یہ تھی کی غیر مسلم حضرات آئی لو محمدؐ کے پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے۔
قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں طلباء و طالبات نے دینی تعلیمی مظاہرے پیش کئے۔ عربی، اردو، انگریزی اور تلگو زبانوں میں طلبہ نے تقاریر کیں۔ تقریب کا خاص مرکز سینٹ معاذ ہائی اسکول کے طلبہ کا سیلف ڈیفنس مظاہرہ رہا، جس نے ناظرین کی بھر پور توجہ حاصل کی۔ مولانا مفتی حافظ سید ضیاء الدین نقشبندی نائب شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ و صدر مفتی جامعہ نظامیہ نے اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی پہلی آیت بھی تعلیم سے متعلق ہے۔یہ قرآن کی پہلی نازل ہونے والی آیات میں سے ہیں، جو سورہ العلق میں موجود ہیں اور اس بات پر زور دیتی ہیں کہ پڑھنا اور علم حاصل کرنا اللہ کی ذات سے منسوب ہونا چاہیے۔ یہ آیات مسلمانوں کو علم اور پڑھنے کی اہمیت بتاتی ہیں، اور یہ بھی کہ یہ سب اللہ کی ذات سے حاصل ہوتا ہے، جو سب سے بڑا کرم والا ہے
۔ مولانا سید غلام صمدانی علی قادری صدر مرکزی انجمن قادریہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ نئی نسل میں دینی تعلیم کو منتقل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ دینی مدارس کی آبیاری بھی فی زمانہ ضروری ہے۔ مرکزی انجمن قادریہ گذشتہ 7 دہوں سے دینی تعلیم کے فروغ کے لئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال دینی تعلیمی ریالی کی شاندار کامیابی
بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کے اشتراک و تعاون کے نتیجہ میں ہوئی۔ صدر مجلس کی ہدایت پر مجلس کے ارکان مقننہ جناب میر ذوالفقار علی اور جناب مرزا رحمت بیگ قادری نے بھی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔
مولانا سید غلام قادر قطب حسینی فاطمی معتمد مرکزی انجمن قادریہ نے انجمن کے قیام کے مقاصد اور محرکات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ 63 ویں دینی تعلیمی ریالی کے قبل مقابلوں میں عصری مدارس کے 3500 اور ہمہ وقتی مدارس کے تقریباً 7 ہزار طلبہ نے حصہ لیا۔





