حیدرآباد کے میاں پور علاقہ میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع۔ عوام میں تشویش

حیدرآباد۔ حیدرآباد کے میاں پور میٹرو اسٹیشن کے عقبی علاقہ میں جمعہ کی رات تیندوا نظر آنے کی اطلاع نے شہریوں میں خوف و ہراس کی لہر پیدا کردی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو کلپ میں ایک بڑا جانور اسٹیشن کے قریب ٹہلتا ہوا دیکھا گیا، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ تیندوا ہے۔ اس پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے حکام نے خصوصی ٹیمیں اس علاقے میں روانہ کیں تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ آیا واقعی تیندوا شہری حدود میں آ گیا ہے۔
محکمہ جنگلات کے ایک عہدیدار نے کہا "ہم اس امکان کو نظرانداز نہیں کر سکتے اور ہمارے ملازمین علاقے کی مکمل جانچ کر رہے ہیں۔ تیندوا ایک ایسا جانور ہے جو اکثر بھٹکتا رہتا ہے اور اس کے شہری علاقوں میں داخل ہونے کے واقعات ماضی میں بھی سامنے آچکے ہیں” اس سے پہلے بھی شہر کے اکریسیٹ کیمپس سے دو تیندوے پکڑے جا چکے ہیں، اور جوبلی ہلز کی مصروف سڑکوں پر بھی ایک تیندوا نظر آیا تھا۔
یہاں یہ ذکر بے جا نہ ہوگا کہ کورونا وائرس کی وبا پھوٹ پڑنے بعد لاک ڈاؤن کے دوران شہری علاقوں میں جنگلی جانوروں کی آمد کی خبریں عام ہوتی جا رہی تھیں۔ جب انسانی سرگرمیاں محدود ہوئیں اور سڑکیں سنسان ہو گئیں تو جنگلی جانوروں نے ان علاقوں میں قدم جمانا شروع کر دیا تھا جہاں پہلے ان کی رسائی نہیں تھی۔ ہندوستان کے کئی شہروں میں تیندوے، ہرن، ہاتھی، اور دیگر جنگلی جانوروں کو شہری علاقوں میں گھومتے دیکھا جا چکا ہے۔