ایجوکیشن

اسلام اور سائنس ایک دوسرے سے مربوط۔ ڈان اسکول میں ورکشاپ سے فلوجہ یونیورسٹی کے شیخ الاسلا م کا خطاب

 حیدرآباد۔11 جنوری (پریس نوٹ) اسلام اور سائنس ایک دوسرے سے الگ نہیں بلکہ باہم مربوط ہیں ۔ فلوجہ یونیورسٹی بغداد کے شیخ الاسلام ڈاکٹر مہاند شوقی صبری الجبابی نے یہ بات کہی۔ وہ ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں اسلام اور سائنس پر ایک
روزہ ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے۔
کئی ماہرین تعلیم ، علما ، اسکالرس اور دوسروں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈان ہائی اسکول کے طلبا و طالبات نے آرٹیفیشل انٹلیجنس روبوٹکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ سائنس اور اے آئی ماڈلس کے مشاہدہ کے بعد ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹر جبابی نے طلبا اور طالبات کو سائنس اور اسلام دونوں کو ساتھ لے کر چلنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ کی درخواست پر ڈاکٹر جبابی نے اپنے مسحور کن انداز میں قرات کلام پاک سے سماں باندھ دیا۔ انہوں نے طلبا سے کہا کہ وہ اپنے اساتذہ اور والدین کا احترام اور اطاعت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر روز اپنے ماں باپ سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کریں جو ان کے لئے رات دن محنت کررہے ہیں۔ دیگر مقررین نے بھی اسلام اور سائنس میں مطابقت کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور یاد دہانی کی کہ بغداد کسی وقت سائنسی علوم کا مرکز ہوا کرتا تھا۔ مرکزی حکومت کے ادارہ کونسل فار پروموشن آف اردو لینگویج کے انچارج جنوبی ہند ڈاکٹر توقیر عالم راہی نے صدارت کی۔ ڈاکٹر فضل الرحمن ڈئراکٹر ڈان گروپ انسٹیٹیوشن نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
تلنگانہ اوور سیز اسوسی ایشن کے صدر عرفان قریشی نے بھی خطاب کیا۔ 10ویں جماعت کی طالبہ زینب عفرہ اور نویں جماعت کی طالبہ مہرین نے کارروائی چلائی شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر مہمانوں کو تحفے پیش کئے گئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button