تلنگانہ

کریم نگر کے مقبول عوامی قائد جناب عبدالصمد نواب ؛ ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد لحد

عبدالحکیم کی رپورٹ

تلنگانہ کے کریم نگر شہر میں آج ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں شہر کی ممتاز اور عوامی خدمتگار شخصیت محمد عبدالصمد نواب کو سپردِ خاک کیا گیا۔ مرحوم کا انتقال گزشتہ روز 65 برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد حیدرآباد کے ایک خانگی ہاسپٹل میں ہوا تھا، جس کی خبر ملتے ہی شہر اور متحدہ ضلع کریم نگر کے سیاسی، سماجی اور ادبی حلقوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

 

آج بعد نمازِ ظہر ڈھائی بجے کریم نگر شہر میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس میں شہر کے ساتھ ساتھ جگتیال، کورٹلہ، میٹ پلی، پداپلی، گوداوری کھنی، سرسلہ، کوڈمیال اور دیگر علاقوں سے ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ تدفین خطہ صالحین، مسجد افضل بیابانی بائی پاس روڈ کریم نگر میں عمل میں آئی، جہاں وزیر انڈسٹری سریدھر بابو، سابق وزیر جیون ریڈی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں اور انہوں نے مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

 

مرحوم محمد عبدالصمد نواب نہ صرف تلنگانہ پردیش کانگریس کے آرگنائزیشن سیکریٹری اور خادمانِ ملت کے جنرل سکریٹری کے طور پر عوامی مسائل اور فلاحی سرگرمیوں میں پیش پیش رہے بلکہ انجمن ترقی اردو کریم نگر کے جنرل سکریٹری کی حیثیت سے اردو زبان و ادب کے فروغ میں بھی نمایاں خدمات انجام دیتے رہے۔

 

یہ تدفین شہر کے لیے ایک اہم لمحہ تھا، جہاں عوام نے اپنے محبوب قائد کو آخری الوداع پیش کیا اور مرحوم کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button