حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی طلبہ یونین انتخابات میں اے بی وی پی کی شاندار کامیابی

حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی طلبہ یونین انتخابات میں اے بی وی پی اور ایس ایل وی ڈی پینل کی شاندار کامیابی
حیدرآباد: حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں منعقدہ طلبہ یونین انتخابات میں اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (ABVP) اور ایس ایل وی ڈی (SLVD) پینل نے کلین سوئپ کرتے ہوئے اہم عہدوں پر شاندار کامیابی حاصل کی۔
انتخابات 19 ستمبر کو پُرامن انداز میں منعقد ہوئے جن میں کیمپس کے 81 فیصد اہل طلبہ نے اپنا ووٹ ڈالا۔ طلبہ بڑی تعداد میں قطاروں میں کھڑے ہوکر 29 پولنگ بوتھس پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس بار طلبہ تنظیموں نے اسے نہایت وقار کا مسئلہ بنایا کیونکہ حال ہی میں تلنگانہ کانگریس حکومت نے یونیورسٹی اراضی سے متعلق سخت اقدامات کئے تھے۔
ان انتخابات میں صدر کے عہدے کے لئے 8، نائب صدر کے لئے 5، جنرل سکریٹری کے لئے 6، جوائنٹ سکریٹری کے لئے 5 اور دیگر کلیدی عہدوں کے لئے مجموعی طور پر 169 امیدواروں نے مقابلہ کیا۔ مختلف طلبہ تنظیموں جیسے SFI، ABVP، NSUI، DSU، ASA، SLVD، MSF، AISA، PDSU، BRSV، AIOBCSA، BSF اور TSF نے مختلف امیدواروں کو حمایت دی تھی۔
ہفتہ کو شروع ہونے والی ووٹوں کی گنتی نصف شب تک 40 راؤنڈز میں جاری رہی جس کے بعد اے بی وی پی اور ایس ایل وی ڈی پینل نے تمام اہم عہدے اپنے نام کرلئے۔ اے بی وی پی سے شیوا صدر، دیویندر نائب صدر، شروتی جنرل سکریٹری، شکلا جوائنٹ سکریٹری، وینوس کلچرل سکریٹری اور جولا اسپورٹس سکریٹری منتخب ہوئے۔
اس کامیابی کے ساتھ اے بی وی پی نے مسلسل چوتھی بار ایک اہم یونیورسٹی میں اپنی برتری قائم کی ہے، جبکہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں یہ تنظیم 7 برس بعد بڑی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔