حیدرآباد میں درگا کی مورتی کو نقصان پہنچانے کا واقعہ۔ ملزم اندرون چند گھنٹے گرفتار

حیدرآباد۔ حیدرآباد میں درگا کی مورتی کو نقصان پہنچانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ واضح رہے کہ کل رات نامپلی نمائش گراؤنڈ میں بٹھائی گئی درگا کی مورتی کو نقصان پہنچایا گیا تھا جس کے بعد سے افواہوں کا بازار گرم ہو گیا تھا۔
سنٹرل زون پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے کئی ٹیمیں تشکیل دیں اور اندرون چند گھنٹے ملزم کو فیل خانہ علاقہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کی شناخت کرشنیا گوڑ کے طور پر کی گئی ہے اور وہ ناگر کرنول کا رہنے والا بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے وہ کل رات نامپلی نمائش گراؤنڈ میں داخل ہو گیا تھا اور رات وہیں رہ گیا۔ صبح کی اولین ساعتوں میں اسے بھوک لگ رہی تھی اور وہ کھانا تلاش کرتے ہوئے درگا کی مورتی کے پنڈال کے پاس پہنچا جہاں اس نے پوجا کے سامان وغیرہ کو نقصان پہنچایا اور مورتی کو بھی نقصان پہنچایا۔ سی سی ٹی وی
فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا گیا پولیس نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ان افواؤں کی تردید کی کہ یہ فرقہ وارانہ نوعیت کا واقعہ ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں جہاں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے وہیں آرگنائزر کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے کیونکہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا درگا مورتی کے پنڈال کے پاس کوئی والینٹر موجود نہیں تھا۔