کولکتہ کے سرکاری ہاسپٹل میں خاتون ڈاکٹر کی عصمت ریزی کے بعد قتل _ ڈاکٹروں کا احتجاج ؛ ملزمین کو گرفتار کرنے پولیس

کولکتہ _ 10 اگست ( اردولیکس ڈیسک) کولکتہ کے سرکاری ہاسپٹل آر جی کار میڈیکل کالج میں میڈیکل پوسٹ گریجویٹ طالبہ و ٹرینی خاتون ڈاکٹر کی عصمت ریزی کے بعد انتہائی بے دردی سے قتل کردیا گیا۔ خاتون ڈاکٹر کی نعش جمعہ کی شام ہاسپٹل کے احاطے سے ملی۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ٹرینی ڈاکٹر کا عصمت ریزی کے بعد قتل کیا گیا۔خاتون ڈاکٹر کی آنکھوں، منہ اور مخصوص حضہ سے خون بہہ رہا تھا۔ اس کے پیٹ، بائیں ٹانگ، گردن، دایاں ہاتھ، انگوٹھی کی انگلی اور ہونٹوں پر بھی چوٹیں ہیں۔
کولکتہ پولیس کے مطابق معاملہ خودکشی کا نہیں ہے۔ عصمت ریزی کے بعد قتل ہوا۔ ٹرینی ڈاکٹر کی گردن کی ہڈی بھی ٹوٹی ہوئی پائی گئی۔ سمجھا جاتا ہے کہ اسے گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔واقعہ کے بعد میڈیکل کے طلبہ، بی جے پی، کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں نے ہاسپٹل کے باہر احتجاج کیا۔ مغربی بنگال کے بی جے پی لیڈر سویندو ادھیکاری نے معاملے کی سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔
اسی دوران چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ہفتہ کو کہا کہ کیس کو فاسٹ ٹریک کورٹ میں بھیجا جائے گا۔ مجرم کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کریں گے۔ سی بی آئی تحقیقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
فیڈریشن آف ریذیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (فورڈا) نے اس واقعہ کے تعلق سے مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے کے اندر کارروائی نہ کی گئی تو معاملہ مزید بڑھ جائے گا۔ طبی خدمات بھی بند رہیں گی۔
پولیس نے تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ کولکتہ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کیا ہے اور تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) تشکیل دی ہے۔ پولیس نے مشکوک سرگرمیوں کی بنیاد پر سنجے نامی شخص کو بھی گرفتار کیا ہے۔جو ہاسپٹل کا ملازم بتایا جاتا ہے
ایڈیشنل پولیس کمشنر مرلی دھر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ انڈین جسٹس کوڈ (بی این ایس) کی دفعہ 103 (1) اور 64 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ عصمت ریزی اور قتل کا معاملہ ہے۔ ہم شفاف طریقے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
دریں اثنا خاتون ڈاکٹر کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی بیٹی کا زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے ٹرینی ڈاکٹر چیسٹ میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کی پی جی کی طالبہ تھی جمعرات کی رات ڈیوٹی کررہی تھی یہ واقعہ پیش آیا ۔ والد کا الزام ہے کہ آر جی کار میڈیکل کالج اور ہاسپٹل میں ان کی بیٹی کی عصمت ریزی اور قتل کیا گیا۔ اب سچ کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔