تلنگانہ

بچوں کی دوا میں زہر – آلمونٹ-کِڈ سیرپ پر تلنگانہ میں فوری پابندی

حیدرآباد _ تلنگانہ ڈرگس کنٹرول انتظامیہ نے آلمینٹ کِڈ سیرپ کے استعمال پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اس سیرپ میں ایتھیلین گلائکول کی ملاوٹ پائے جانے کے بعد اسے زہریلا قرار دیا گیا ہے۔

 

اس سلسلے میں کولکتہ میں قائم سینٹرل ڈرگس اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن کی جانب سے وارننگ موصول ہوئی تھی، جس کے بعد تلنگانہ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انتباہی نوٹس جاری کیا۔

 

محکمہ صحت نے واضح ہدایت دی ہے کہ اگر یہ سیرپ کسی کے پاس موجود ہو تو اس کا استعمال اور فروخت فوراً بند کر دی جائے۔ چونکہ یہ دوا بچوں کے لئے استعمال کی جاتی ہے، اس لئے والدین اور دواسازوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔

 

متاثرہ سیرپ کی تفصیلات:

نام: آلمونٹ-کِڈ سیرپ (لیوو سیٹیریزین ڈائی ہائیڈروکلورائیڈ، مونٹیلوکاسٹ سوڈیم)

بیچ نمبر: AL-24002

تاریخِ تیاری: جنوری 2025

تاریخِ اختتام: دسمبر 2026

 

محکمہ نے واضح کیا ہے کہ اگر یہ سیرپ کسی کے پاس موجود ہو تو فوری طور پر اس کا استعمال بند کر دیا جائے اور قریب ترین ڈرگس کنٹرول اتھارٹی کو بلا تاخیر اطلاع دی جائے۔ مزید یہ کہ عوام براہِ راست ٹول فری نمبر 1800-599-6969 پر بھی اطلاع دے سکتے ہیں، جو تمام کاری دنوں میں صبح 10:30 سے شام 5:00 بجے تک فعال رہتا ہے۔

 

ریاست بھر کے ڈرگس انسپکٹرس اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس مخصوص بیچ کا دستیاب اسٹاک فوری ضبط کیا جائے اور ریٹیلرز، تاجر، ڈسٹری بیوٹرز اور اسپتالوں کو کسی بھی صورت تقسیم یا فروخت سے باز رکھا جائے۔ محکمہ نے ضروری نفاذی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور عوامی صحت کو لاحق کسی بھی خطرے سے بچاؤ کے لیے صورتحال پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

 

تلنگانہ ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایتھیلین گلائکول کے زہریلے اثرات کے پیشِ نظر انتہائی احتیاط برتی جائے اور مذکورہ سیرپ ہرگز استعمال نہ کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button