گنیش جلوس کے دن امیت شاہ کی حیدرآباد آمد

حیدرآباد۔ گنیش وسرجن میں شرکت کے لیے اس ماہ کی 6 تاریخ کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ حیدرآباد کے دورہ پر آرہے ہیں۔
وہ دوپہر 1:10 بجے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے بیگم پیٹ ایئرپورٹ پر پہنچیں گے۔ وہاں سے سیدھے آئی ٹی سی کاکتیہ ہوٹل جائیں گے۔دوپہر کے کھانے کے وقفے کے بعد، دوپہر 2 بجے سے 3 بجے تک بی جے پی کے اہم قائدین کے ساتھ ملاقات کریں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال پارٹی کو مضبوط بنانے کے اقدامات، اور مقامی اداروں کے انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دوپہر 3 بجے سے 3:30 بجے تک مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ آئی ٹی سی کاکتیہ ہوٹل میں منعقد ہونے والی بھاگیہ نگر گنیش اتسو کمیٹی کے 46 سالہ سفر پر مبنی تصویری نمائش (فوٹو ایگزیبیشن) کا افتتاح کریں گے اور کمیٹی کے اراکین کے ساتھ گروپ فوٹو بھی لیں گے۔
3:30 بجے سے شام 4 بجے تک وہ ایس ایس بی 28ویں بٹالین کے ہیڈکوارٹر کی ورچوئل سنگِ بنیاد رکھیں گے۔بعد ازاں شام 4 بجے وہ آئی ٹی سی کاکتیہ سے روانہ ہو کر معضم جاہی مارکیٹ پہنچیں گے جہاں وہ گنیش مورتیوں کی آمد پر استقبال کریں گے اور گنیش شوبھا یاترا (جلو س) کے موقع پر خطاب بھی کریں گے۔