تلنگانہ

حیدرآباد میں مانجہ کی زد میں آکر اے ایس آئی شدید زخمی، ہاسپٹل منتقل

اُپل میں مانجا کی زد میں آکر اے ایس آئی شدید زخمی، پولیس کی عوام سے احتیاط کی اپیل

 

حیدرآباد کے اُپل پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیر کی شام ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مانجا (چائنیز ڈور) کی زد میں آکر ایک اے ایس آئی شدید زخمی ہوگئے۔ زخمی اے ایس آئی کی شناخت ناگراجو کے طور پر ہوئی ہے، جو اُپل کے سوروپ نگر کے رہنے والے اور نلکنٹہ پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

 

تفصیلات کے مطابق ناگراجو پیر کی شام ایگزیبیشن ڈیوٹی کے لیے اُپل میں واقع اپنے مکان سے روانہ ہوئے تھے کہ اچانک سڑک پر لٹکی ہوئی مانجا ان کی گردن میں لپٹ گئی، جس کے باعث ان کے گلے پر گہرا زخم آیا اور وہ شدید طور پر زخمی ہوگئے۔

 

واقعے کے بعد مقامی افراد نے فوری طور پر انہیں ابتدائی امداد فراہم کی اور بعد ازاں ایل بی نگر کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق فی الحال ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس عہدیدار اسپتال پہنچے اور زخمی اے ایس آئی کی عیادت کی۔ پولیس نے اس موقع پر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مانجا کے استعمال سے گریز کریں اور پتنگ بازی کے دوران خاص احتیاط برتیں،

 

کیوں کہ اس طرح کے واقعات میں راہگیر، دو پہیہ گاڑی سوار اور پولیس اہلکار بھی شدید خطرات سے دوچار ہورہے ہیں۔ پولیس نے مانجا فروخت کرنے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button