فتح نگر گرام پنچایت میں آصفہ خاتون سرپنچ منتخب — نظام آباد ضلع میں واحد مسلم امیدوار کی تاریخی کامیابی
فتح نگر گرام پنچایت میں آصفہ خاتون سرپنچ منتخب — نظام آباد ضلع میں واحد مسلم امیدوار کی تاریخی کامیابی
جدہ ( عرفان محمد کی رپورٹ ) تلنگانہ کے نظام آباد ضلع کے نوی پیٹ منڈل کے فتح نگر گرام پنچایت انتخابات میں آصفہ خاتون نے سرپنچ کی نشست پر شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ آصفہ خاتون کے شوہر طاہر بن جعفر، جو طویل عرصہ سعودی عرب میں مقیم رہ چکے ہیں اور مقامی سطح پر بی آر ایس کے فعال لیڈر سمجھے جاتے ہیں، نے ان کی انتخابی مہم میں بھرپور کردار ادا کیا۔
آصفہ خاتون کی کامیابی اس اعتبار سے بھی اہم قرار دی جارہی ہے کہ ضلع نظام آباد کی 184 گرام پنچایتوں میں وہ واحد مسلم امیدوار تھیں جنہوں نے سرپنچ کے عہدہ کے لئے مقابلہ کیا اور جیت درج کی۔ ان کی فتح پر فتح نگر اور اطراف کے علاقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ مقامی خواتین نے بھی اسے اپنی نمائندگی کے مضبوط ہونے کے طور پر مسرت کا اظہار کیا
واضح رہے کہ تلنگانہ میں جمعرات کے روز پہلے مرحلے کے تحت ریاست بھر کی 4 ہزار سے زائد گرام پنچایتوں میں سرپنچ اور وارڈ ممبرس کے لئے پولنگ عمل میں آئی تھی، جس کے نتائج میں کئی نئے چہروں نے ابھر کر سامنے آئے ہیں۔



