تلنگانہ کے آصف آباد کے جنگلات میں بڑا کومبنگ آپریشن، پولیس کے ہاتھ 16 ماؤ نواز گرفتار

خضر احمد یافعی کی رپورٹ
عادل آباد۔16/دسمبر(اردو لیکس)کومورم بھیم آصف آباد ضلع کے سِرپور (یو) منڈل کے جنگلات میں پیر کی رات کومبنگ آپریشن کے دوران پولیس نے 16 ماؤ نوازوں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ضلع پولیس کی خصوصی ٹیم نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انجام دی۔
چھتیس گڑھ سرحدی علاقوں میں حالیہ دنوں میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے ماؤ نوازوں کے خلاف سخت کارروائی کے باعث ماؤ نواز اپنے ٹھکانوں میں مسلسل تبدیلی کر رہے تھے۔ اسی تناظر میں پولیس انٹیلی جنس وِنگ کی اطلاع پر آصف آباد کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) چِتّ رنجن کی قیادت میں خصوصی پارٹی نے سِرپور (یو) کے جنگلات میں کومبنگ آپریشن شروع کیا۔
پیر کی رات پولیس کو ماؤ نوازوں کا ایک ٹھکانہ ملنے پر فوراً گھیراؤ کیا گیا۔ پولیس نے چابکدستی سے کارروائی کرتے ہوئے 16 ماؤ نوازوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ اے ایس پی چتّ رنجن نے 16 ماؤ نوازوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ گرفتار ماؤ نوازوں کو پیر کی رات ہی ڈی جی پی دفتر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس اس معاملے میں مزید تفتیش کر رہی ہے۔



